کراچی : 24 گھنٹے میں کم شدت کے 11 زلزلے، شہر میں خوف و ہراس
کراچی (اسٹاف رپورٹر،دنیا نیوز)کراچی کے مختلف علاقوں میں 24 گھنٹوں کے اندر زلزلے کے 11 بار جھٹکے محسوس کیے گئے ، ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 2.4 ،3.2 اور 3ریکارڈ کی گئی۔
زلزلے کے جھٹکے لانڈھی، ملیر ، قائد آباد، سعودآباد، کھوکھراپار، پورٹ قاسم، اسٹیل ٹاؤن، بھینس کالونی، گلستان جوہر ، گلشن اقبال و دیگر علاقوں میں محسوس کیے گئے ۔جس کے بعد ان علاقوں کے عوام شدید خوف و ہراس میں مبتلا ہوکر گھروں سے باہر نکل آئے اور کلمہ طیبہ کا ورد کرنے لگے ۔زلزلے سے خوفزدہ مکینوں نے رات کھلے آسمان تلے گزاری ، خواتین کی جانب سے قرآن پاک کی تلاوت کا سلسلہ جاری رہا۔زلزلے کے جھٹکے پیر کی صبح تقریباً 10 بج کر 25 منٹ اور 11 بجکر 4 منٹ پر محسوس کیے گئے تھے زلزلہ پیما مرکز کے مطابق لانڈھی فالٹ لائن پر ساتویں بار زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، گہرائی 188 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ زلزلے کا مرکز ملیر کے مشرق میں 11 کلومیٹر فاصلے پر تھا۔پیر کی رات 8 بجکر 49 منٹ پر بھی ڈیفنس میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 3 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی زیر زمین 13 کلومیٹر اور مرکز ڈی ایچ اے کے مشرق میں 30 کلومیٹر کے قریب تھاجبکہ رات 9 بجے کے بعد زلزلے کے مزید 3 بار جھٹکے محسوس کیے گئے ۔اس سے پہلے اسی فالٹ لائن پر اتوار کو 3.2 شدت کے جھٹکے محسوس کئے گئے تھے ، زلزلے کی گہرائی 10 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی، زلزلے کا مرکز کراچی کے علاقے قائد آباد کے نزدیک تھا۔واضح رہے کہ بعد از نصف شب بھی کراچی کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے ۔اس صورت حال پر چیف میٹرولوجسٹ امیر حیدر کا کہنا ہے کہ زلزلے کے یہ جھٹکے لانڈھی فالٹ ریجن میں آرہے ہیں، یہ معمولی جھٹکے ہیں، اس فالٹ لائن پر آج تک بڑے زلزلہ کے جھٹکے نہیں آئے ہیں، کراچی کی دوسری فالٹ لائن تھانہ بولا خان کے قریب ہے ، یہ دونوں متحرک فالٹ لائن ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ان دونوں فالٹ لائنز میں معمولی شدت کے زلزلے رپورٹ ہوتے ہیں، کیرتھر کے قریب بھی مین باؤنڈری لائن ہے ، یہاں معتدل شدت کی زلزلے رپورٹ ہوتے رہتے ہیں، فالٹ لائن کو معمول پر آنے میں چند روز لگ سکتے ہیں، اس فالٹ لائن پر آئندہ چند روز تک زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے جا سکتے ہیں۔