بھارتی قیادت کا بیانیہ امن نہیں دشمنی کو ترجیح دینے والا : پاکستان
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی قیادت کے حالیہ اشتعال انگیز بیانات پر دفتر خارجہ نے سخت ردعمل دیتے کہا ہے کہ بھارتی قیادت کا بیانیہ امن نہیں بلکہ دشمنی کو ترجیح دینے والا ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا بھارت کے پاکستان میں دہشتگردی کی معاونت کے شواہد موجود ہیں، کھوکھلے بیانیے اور توجہ ہٹانے کی کوششیں سچ کو چھپا نہیں سکتیں۔ بھارت کا پاکستان کو عدم استحکام کا ذمہ دار ٹھہراناحقائق سے انحراف ہے ۔ مقبوضہ کشمیر کا تنازع خطے کے امن و استحکام کے لیے بنیادی خطرہ ہے ، پاکستان کشمیری عوام کی خواہشات اور یو این قراردادوں کے مطابق حل کاحامی ہے جبکہ مسئلہ کشمیر کو نظرانداز کرناخطے کو بداعتمادی اور تصادم میں جھونکنے کے مترادف ہے ۔ترجمان نے مزید کہا حالیہ واقعات سے واضح ہے کہ جنگی جنون اور دھونس بے سود ہیں، بھارت دھمکیوں، غلط بیانی یا طاقت کے ذریعے اپنے مقاصدحاصل نہیں کرسکتا، جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کے لیے سنجیدگی، برداشت اورمسئلے کی اصل جڑ کو سمجھنا ہوگا۔