عمران ہرجانہ کیس:شہباز شریف ویڈیو لنک پر عدالت پیش

عمران ہرجانہ کیس:شہباز شریف ویڈیو لنک پر عدالت پیش

لاہور (کورٹ رپورٹر،آئی این پی ،این این آئی) وزیر اعظم شہباز شریف بانی پی ٹی آئی عمران خان کے خلاف 10 ارب ہرجانہ کیس میں ایک بار پھر بذریعہ ویڈیو لنک لاہور کی سیشن عدالت میں پیش ہو ئے۔

ایڈیشنل سیشن جج یلماز غنی نے کیس کی سماعت کی ۔عدالت نے شہباز شریف سے سوال کیا کہ کیا آپ نے بانی پی ٹی آئی کا داخل کروایا گیا جواب دعویٰ پڑھا ہے ؟۔شہباز شریف نے کہا میں نے بانی پی ٹی آئی کا جواب دعویٰ نہیں پڑھا، اس وقت بند کمرے میں ویڈیو لنک پر شہادت دے رہا ہوں، میرے وکیل مصطفی رمدے میرے ساتھ کمرے میں موجود ہیں، میرے کمرے میں بانی کا کوئی وکیل یا نمائندہ موجود نہیں۔بانی کی طرف سے ایڈووکیٹ میاں محمد حسین نے شہباز شریف پر جرح کرتے ہوئے سوال کیا کہ کیا آپ دعوے پر اوتھ کمشنر کی تصدیق کی نشاندہی کر سکتے ہیں؟۔شہباز شریف نے کہا تصدیق موجود ہے ، تفصیلات تکنیکی بات ہے جس کا مجھے علم نہیں، میں نے بیان حلفی داخل کرنے سے قبل عدالت میں دعوے کی حمایت میں کوئی تائیدی بیان ریکارڈ نہیں کروایا تھا، میں دعوے کی تائید میں کوئی زبانی بیان ریکارڈ نہیں کروانا چاہتا۔ شہباز شریف کے وکیل نے اعتراض اٹھاتے ہوئے کہا بانی پی ٹی آئی کے وکیل غیر ضروری سوال پوچھ رہے ہیں۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا یہ غلط ہے کہ میرا بیان حلفی میرے دعویٰ کے مندرجات کے مطابق نہیں ۔پیراگراف 2 کا براہ راست جواب دینے سے انکار کرتے ہوئے انہوں نے کہا اگر کوئی بات یا فقرہ آگے پیچھے ہو بھی گیا ہے تو کیا فرق پڑتا ہے ، میں اس وقت براہ راست پیراگراف 2 کے دعوی ٰکے مندرجات سے مطابقت بارے کوئی جواب نہیں دے سکتا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں