بھارت کیساتھ حالیہ تنازع میں96گھنٹے اپنے وسائل پر انحصارکیا:جنرل ساحر شمشاد مرزا

بھارت کیساتھ حالیہ تنازع میں96گھنٹے اپنے وسائل پر انحصارکیا:جنرل ساحر شمشاد مرزا

راولپنڈی(دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک) چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی (سی جی سی ایس سی)جنرل ساحر شمشاد مرزا نے کہا بھارت کے ساتھ حالیہ تنازع میں پاکستان نے 96 گھنٹے تک مکمل طور پر اپنے وسائل پر انحصار کیا، کہیں سے کوئی مدد نہیں لی۔

برطانوی نشریاتی ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے چین کی جانب سے پاکستان کی مدد کیلئے سیٹلائٹس کی پوزیشن بدلنے کے سوال پر جنرل ساحر شمشاد نے بتایا کہ پاکستان نے جو آلات  استعمال کیے وہ یقیناً ایسے ہی ہیں جیسے بھارت کے پاس ہیں۔انہوں نے کہا پاکستان نے کچھ ساز و سامان دوسرے ممالک سے خریدا ہے ، حقیقی وقت میں پاکستان نے صرف اور صرف اندرونی صلاحیتوں پر انحصار کیا۔ان کا کہنا تھا کہ اب کسی بھی تنازع کو بڑی جنگ میں بدلنے کیلئے بہت کم وقت اور جواز چاہیے ، مستقبل میں اگر کوئی تنازع ہوا تو وہ صرف مخصوص علاقوں تک محدود نہیں رہے گا بلکہ پورے انڈیا اور پورے پاکستان کو متاثر کرے گا۔پاک بھارت تنازعات حل کرنے کیلئے مؤثر اور منظم طریقہ کار موجود نہیں۔ ہنگامی رابطوں کیلئے صرف ڈی جی ایم اوز کی ہاٹ لائن پر ہی انحصار ہوتا ہے ،دونوں ملکوں کے ڈائریکٹر جنرل ملٹری آپریشنز کے درمیان یہ ہاٹ لائن منگل کے دن باقاعدگی سے استعمال ہوتی ہے تاکہ معلومات اور مسائل کا تبادلہ کیا جا سکے اور کسی بھی ہنگامی یا ناخوشگوار واقعے کی صورت میں کسی بھی وقت رابطے کیلئے دستیاب ہوتی ہے ،یہی واحد ذریعہ ہے اور اگر تنازعے سے نمٹنے کیلئے آپ کے پاس صرف ایک ہی نظام ہو، جو اتنے بڑے بحران کو سنبھالنے کیلئے کافی نہ ہو اور دوسری جانب آپ کا واسطہ ایک ایسے ملک سے ہو جس کی قیادت انتہا پسندانہ ذہنیت رکھتی ہو اور بین الاقوامی سرحد تک غیر ذمہ دارانہ اقدامات کرنے پر آمادہ ہو، تو ایسے میں عالمی برادری کے پاس مداخلت کیلئے جو تھوڑا بہت وقت ہوتا ہے ، جیسے اس بار امریکا اور دیگر ممالک نے کیا، وہ مہلت بھی اب بہت محدود ہو چکی ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں