ملزم سلمان فاروقی کو پیشی کے موقع پر وکیل نے تھپڑ ماردیا

ملزم سلمان فاروقی کو پیشی کے موقع پر وکیل نے تھپڑ ماردیا

کراچی (سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک) شہری پر تشدد میں ملوث ملزم سلمان فاروقی کو عدالت میں پیشی کے موقع پر وکیل نے تھپڑ ماردیا۔ڈیفنس اتحاد کمرشل میں نوجوان پر تشدد کے کیس میں نامزد ملزمان اویس ہاشمی اور سلمان فاروقی کو جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

ملزم سلمان فاروقی کی جانب سے درخواست ضمانت دائر کردی گئی۔ عدالتی عملے نے ملزمان کی درخواست ضمانت اعتراض لگاکر واپس کردی۔ عدالتی عملہ کا کہنا تھا کہ ملزمان کے خلاف لگائی دفعات سیشن ٹرائل کی بنتی ہیں لہٰذا ملزمان کی ضمانت کیلئے سیشن کورٹ سے رجوع کیا جائے ۔عدالت نے سلمان فاروقی سمیت دونوں ملزمان کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کردیا۔ پولیس جب ملزمان کو عدالت سے لے کر روانہ ہوئی تو اسی دوران وکلا اور وہاں موجود لوگوں نے ملزمان کو گھیرلیا اور مارو مارو کے نعرے لگائے ۔ اس موقع پر ایک وکیل نے سلمان فاروقی کو تھپڑجڑ دیا۔ پولیس اہلکاروں نے ملزمان کی دوڑیں لگوائیں اور گاڑی میں لے کر تھانے روانہ ہوگئے ۔دریں اثنا تشدد کا نشانہ بننے والے دھیرج اور کلپانہ نے اپنی فیملی کے ہمراہ ڈی آئی جی ساؤتھ سے ملاقات کی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں