ٹک ٹاکرثنا یوسف کا قتل ،ملزم فیصل آبادسے گرفتار

ٹک ٹاکرثنا یوسف کا قتل ،ملزم فیصل آبادسے گرفتار

اسلام آباد (خصوصی رپورٹر)آئی جی اسلام آبادپولیس علی ناصر رضوی نے کہاہے پولیس ٹیموں نے تکنیکی بنیادوں پر تفتیش کرتے ہوئے ٹک ٹاکرثناء یوسف کا قاتل گرفتار کر لیا، ملزم کو 20گھنٹوں کے اندر فیصل آباد سے گرفتارکیا گیا۔

 ملزم کے قبضہ سے مقتولہ کا موبائل فون اور آلہ قتل برآمد ہوا، آئی جی اسلام آباد سید علی ناصر رضوی نے ڈی آئی جی اور ایس ایس پیز کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزم نے ثنا یوسف کی جانب سے خود کو بار بار مسترد کیے جانے پر اسے قتل کیا،ملزم نے ثنا یوسف کو اس لیے قتل کیا کہ وہ بار بار ثنا سے رابطہ کر رہا تھا اور وہ اس کو منع کر رہی تھی، وہ گزشتہ کئی دنوں سے ثنا یوسف سے سوشل میڈیا کے ذریعے رابطہ کرنے کی کوشش کر رہا تھا اور دو جون کو بھی اس نے ثنا یوسف کے گھر آ کر سات آٹھ گھنٹے انتظار کیا اور جب ثنا نے اس دن بھی اس سے ملنے سے انکار کیا تو اس نے پلاننگ کی اور اس واردات کو انجام دیا،آئی جی پولیس نے کہاثنا یوسف کے قتل سے اسلام آباد سمیت پورے پاکستان میں تشویش کی لہر دوڑ گئی تھی اور ایسے میں کسی بیٹی کا یوں قتل ہو جانا ہمارے لیے بہت بڑا چیلنج تھا، ان کا کہنا تھا کہ نامعلوم ملزم کی تلاش کیلئے ڈی آئی جی اسلام آباد کی زیر نگرانی سات ٹیمیں تشکیل دیں جنہوں نے ملزم کو پکڑنے کیلئے سیلولر ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل سرویلنس پر کام کیا۔

سوشل میڈیااکائونٹس اور300سے زائد کالز ریکارڈ کو اینالائز ڈ کیا ،113سیف سٹی اور پرائیوٹ کیمروں کی ویڈیوز حاصل کیں اور سوشل میڈیا کے ذریعے ہم 37 افراد تک پہنچے ،پولیس ٹیموں نے ملزم کی گرفتاری کیلئے تین شہروں میں 11سے زائدمقامات پرچھاپے مارے اورقتل میں ملوث ملزم عمر حیات کو 20گھنٹوں کے اند ر فیصل آباد سے گرفتار کر لیا، ملزم قتل کرنے کے بعد شواہد مٹانے کی غرص سے مقتولہ کا موبائل فون ساتھ لے گیا تھا، ملزم میٹرک پاس اور اس کے والد گریڈ 16 میں سرکاری ملازمت سے ریٹائر ہوئے ہیں۔ تفتیشی ٹیم میں شامل سب انسپکٹر منصب دار نے بتایا کہ مقتولہ کے کال ریکارڈز کی جانچ کے بعد معلوم ہوا کہ قتل سے قبل دونوں کے درمیان ٹیلی فون پر رابطہ ہوا تھا،منصب دار نے دعویٰ کیا کہ ‘انھوں نے ثنا یوسف کے زیر استعمال فون میں آنے والی کالز کا جائزہ لیا تو ایک نمبر کی پروفائل پر موجود تصویر اس شخص سے ملتی تھی، جس کے بارے میں پولیس کو اہلِخانہ نے بتایا تھا کہ اس شکل و صورت کا شخص گھر میں داخل ہوا تھا،ملزم کی موبائل لوکیشن کو ٹریس کرتے ہوئے اسے فیصل آباد سے گرفتار کیا گیا۔تھانہ سنبل پولیس نے مقتولہ ثنا یوسف کی والدہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیاہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں