بھارتی بیانیہ کو ہر محاذ پر ناکامی کا سامنا، وفاقی وزیر اطلاعات
اسلام آباد(نامہ نگار،اے پی پی )وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے وزیراعظم شہباز شریف نے سفارتی محاذ پر پاکستان کا موقف بھرپور انداز میں پیش کیا، بھارتی میڈیا نے فیک نیوز اور جھوٹ کا سہارا لیا۔۔۔
کشیدہ صورتحال میں پاکستانی قوم نے مثالی یکجہتی کا مظاہرہ کیا، بھارتی بیانیہ کو ہر محاذ پر ناکامی کا سامنا ہوا، بھارت اپنی خفت مٹانے کے لئے جھوٹ پر مبنی پراپیگنڈا کر رہا ہے ۔ پاکستان نے عسکری میدان، بیانیہ کی جنگ اور سفارتی محاذ پر بھارت کو موثر اور بھرپور انداز میں شکست دی۔بدھ کو پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرنے کہا کہ وزیراعظم نے سفارتی محاذ پر پاکستان کا موقف موثر اور جرات مندانہ انداز میں دنیا کے سامنے پیش کیا، بھارتی میڈیا نے لاہور میں بندرگاہ تک بنا دی لیکن پاکستانی میڈیا نے قومی مفادات کا تحفظ کرتے ہوئے ذمہ دارانہ صحافت کی مثال قائم کی۔اس سفارتی اور بیانیہ کی جنگ میں بین الاقوامی سطح پر پاکستان کو کامیابی حاصل ہوئی جس میں وزیراعظم، نائب وزیراعظم، سفارتی ٹیم، میڈیا ہائوسز، اینکرز اور صحافیوں کا کلیدی کردار ہے ۔انہوں نے کہا کہ معرکہ حقاور آپریشن بنیان مرصوص کو تاریخ میں سنہری الفاظ میں یاد رکھا جائے گا۔