وی لاگرز ، انفلوئنسرز کو مشکوک دعوت ،ملاقات نہ کرنیکی ہدایت
اسلام آباد (نیوز رپورٹر ) نیشنل ایمرجنسی کمپیوٹر ریسپانس ٹیم (نیشنل سرٹ) ڈیجیٹل تخلیق کاروں ، بلاگرز ، وی لاگرز اور انفلوئنسرز کو محفوظ، مثبت اور ذمہ دارانہ انداز کیلئے ہدایات جاری کر دیں ۔
ہدایات میں کہا گیا چونکہ اپنی شناخت، خیالات اور چہرہ عوام میں پیش کر رہے ہوتے ہیں اس لیے نہ صرف آن لائن بلکہ حقیقی دنیا میں بھی مختلف خطرات کا سامنا کر سکتے ہیں، حقیقی دنیا میں محتاط رہیں اور مشکوک دعوت یا ملاقات سے گریز کریں۔ لائیو سٹریمز یا پوسٹس میں موجودہ لوکیشن ظاہر کرنے سے گریز کریں ۔ ملٹی فیکٹر تصدیق اور مضبوط پاس ورڈز استعمال کریں، مشکوک لنکس پر کلک کرنے سے گریز کریں۔ سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی پرائیویسی سیٹنگز کریں۔ہر شخص کو سوشل میڈیا پر دوست بنانے سے گریز کریں کیونکہ مداح اور ناظرین آپ کے قریبی دوست یا خاندان کی طرح نہیں ہوتے ۔ تبصروں اور پیغامات کی نگرانی کریں تاکہ کسی بھی سائبر بلیئنگ یا آن لائن ہراسانی سے بروقت روکا جا سکے ۔