لاہور ہائیکورٹ:گاڑیوں،رکشوں اور موٹرسائیکلوں کو فٹنس سٹیکر لگانے کا حکم

لاہور ہائیکورٹ:گاڑیوں،رکشوں اور موٹرسائیکلوں کو فٹنس سٹیکر لگانے کا حکم

لاہور(کورٹ رپورٹر )لاہور ہائیکورٹ نے محکمہ ماحولیات کو ہیوی ٹرانسپورٹ، بڑی گاڑیوں، رکشوں اور موٹر سائیکلوں کو فٹنس سٹیکرز ترجیحی بنیادوں پر جاری کرنے کا حکم دے دیا۔جسٹس شاہد کریم نے سموگ تدارک کیس کی سماعت کی ،محکمہ ماحولیات سمیت متعدد محکموں کے نمائندے عدالت میں پیش ہوئے ۔

عدالت نے حکم دیا کہ انڈسٹریل یونٹس میں نصب واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس کی کارکردگی پر باقاعدہ سروے کیا جائے تاکہ آلودگی پر قابو پانے کیلئے عملی اقدامات کی نگرانی ہو سکے ۔ جوڈیشل واٹر کمیشن کے رکن نے عدالت کو آگاہ کیا کہ ایل ڈی اے نے عدالتی حکم کے باوجود ٹولنٹن مارکیٹ سے پرندوں کو منتقل نہیں کیا، جس پر عدالت نے برہمی کا اظہار کیا۔ عدالت عالیہ نے جانوروں کی خریدوفروخت کی دکانیں جلو پارک کے قریب بنانے کی بھی تجویز دیدی ۔جسٹس شاہدکریم نے دوران سماعت ریمارکس دیئے کہ لوگوں کو تواحساس ہی نہیں، پانی ضائع کررہے ہیں، ہیٹ ویوز،کلائمیٹ چینج سب چیزیں اکٹھی ہوچکی ہیں، ہیٹ ویو پرقابو پانے کیلئے تمام اداروں کوفوری اقدامات کی ضرورت ہے ۔پنجاب حکومت کے وکیل نے بتایا کہ حکومت نے پانی کے دو لاکھ میٹرز کی تنصیب کیلئے بجٹ میں رقم مختص کر دی ہے جس پر عدالت نے ہدایت کی کہ آئندہ سماعت پر پیش رفت رپورٹ کا باقاعدہ سرکاری لیٹر عدالت میں پیش کیا جائے ۔عدالت نے دوران سماعت ٹریفک وارڈنز کو ہیلتھ الاؤنس نہ دئیے جانے پر بھی تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ محکمہ فنانس رکاوٹ بنا ہوا ہے ، جنہیں الاؤنس ملنا چاہئے انہیں دیا نہیں جاتا۔عدالت نے تمام متعلقہ محکموں کو عملدرآمد رپورٹس پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے سماعت 17 جون تک ملتوی کر دی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں