پنجاب کا بجٹ آج پیش ہوگا، تعلیم و صحت کے کئی منصوبے، اربوں روپے مختص

لاہور(محمد حسن رضا سے،خبرنگار،سیاسی نمائندہ)پنجاب اسمبلی میں مالی سال 2025-26کیلئے صوبے کی تاریخ کے سب سے بڑے حجم کا 6250 ارب روپے کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا جس میں کوئی نیا ٹیکس عائد نہیں کیا جائے گا۔
وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمن کے مطابق آئندہ مالی سال کا بجٹ وزیر اعلیٰ مریم نواز کے ترقیاتی ویژن کا ترجمان ہوگا، تعلیم و صحت پر سب سے زیادہ فوکس کیاُگیا، سوشل سیکٹرز کیلئے 493 ارب کا بڑا ترقیاتی بجٹ رکھاگیا ،جاری سوشل سکیموں کیلئے 214.93 ارب،نئی ترقیاتی سکیموں کیلئے 130.51 ارب،دیگر ترقیاتی پروگراموں کیلئے 148.04 ارب کے فنڈزمختص کئے گئے ہیں ۔سکول ایجوکیشن کے لیے 100 ارب ،ہائر ایجوکیشن کیلئے 39.5 ارب ،خصوصی تعلیم کے منصوبوں پر 5 ارب خرچ ہونگے ،نان فارمل ایجوکیشن کیلئے 4 ارب کی سکیمیں شامل ،سپیشلائزڈ ہیلتھ و میڈیکل ایجوکیشن پر 95 ارب ،ہیلتھ اینڈ پاپولیشن کے لیے 86 ارب ،صحت کے جاری منصوبوں کیلئے 10.34 ارب ، سڑکوں کی تعمیر و مرمت پر 120 ارب خرچ ہونگے ،شہری ترقی کے منصوبے 120.76 ارب سے مکمل ہونگے ،توانائی منصوبوں کیلئے 7.5 ارب روپے ،زراعت کے منصوبوں کیلئے 80 ارب روپے رکھے گئے ہیں ۔لائیوسٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ کیلئے 5 ارب ،سروسز سیکٹر کی ترقی کے لیے 141.6 ارب،گورننس اور آئی ٹی کے منصوبوں پر 20 ارب خرچ ہونگے ،لیبر اینڈ ہیومن ریسورس ڈویلپمنٹ کیلئے 20 ارب ،ایمرجنسی سروس 1122 کیلئے 1.2ارب ،ٹرانسپورٹ سیکٹر کیلئے 80 ارب،ماحول و کلائمیٹ چینج کیلئے 15ارب، انفارمیشن اینڈ کلچر ڈیپارٹمنٹ کیلئے 5 ارب،محکمہ آثارِ قدیمہ کیلئے 10ارب مختص کئے گئے ہیں ،پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ کیلئے 38ارب ،صنعت، سرمایہ کاری و تجارت کے لیے 12 ارب کا فنڈز رکھا گیا ہے ۔ محکمہ صنعت و پیداوار کے تحت سیالکوٹ میں مشینری کی تنصیب کیلئے 1 ارب مختص کئے گئے ہیں ۔
ڈی جی خان میں ہنر مند نوجوان پروگرام کیلئے 2 ارب ،رحیم یار خان میں سپیشل اکنامک زون کیلئے 1 ارب ،ساہیوال میں فنی تعلیم کیلئے 1.5 ارب،راولپنڈی میں سپیشل اکنامک زون کیلئے 1.5 ارب ، گوجرانوالہ میں روزگار سکیم کیلئے 2ارب ، فیصل آباد میں ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر کی اپ گریڈیشن کیلئے 3ارب ، گوجرانوالہ میں نئے انڈسٹریل زون کیلئے 2ارب ،ملتان میں فنی تعلیم کیلئے 2 ارب،سیالکوٹ میں فنی تعلیم کیلئے 3ارب،فیصل آباد میں ہنر مند نوجوان پروگرام کیلئے 3 ارب، گوجرانوالہ میں سپیشل اکنامک زون کیلئے 2 ارب،ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر کی اپ گریڈیشن کیلئے 3 ارب ،راولپنڈی میں ہنر مند نوجوان پروگرام کیلئے 2 ارب ، بہاولپور میں سپیشل اکنامک زون کیلئے 3 ارب ،لاہور میں ایمرجنسی سروسز کی بہتری کیلئے 5 ارب ، سیالکوٹ میں نئے کالج کیلئے 4 ارب ،گوجرانوالہ میں لیپ ٹاپ پروگرام کیلئے 2 ارب 30 کروڑ ،فیصل آباد میں یونیورسٹی کیمپس کیلئے 3 ارب اورگرلز کالجز کی توسیع کیلئے 1 ارب مختص کئے گئے ہیں ۔ پنجاب اسمبلی کا اجلاس دو روز وقفے کے بعد آج صبح دس بجے شروع ہوگا ، پہلے سیشن میں طے شدہ ایجنڈے کے مطابق معمول کی کارروائی جبکہ سہ پہر 3بجے دوسرے سیشن میں بجٹ پیش کیاجائے گا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز بھی شرکت کریں گی ۔ مسلم لیگ ن اور اتحادی جماعتوں کے ارکان کو اجلاس میں شرکت یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ بجٹ کے موقع پر اپوزیشن کے شدید احتجاج کا امکان ہے۔