پنجاب پبلک سروس کمیشن نے پی ایم ایس 2023 کے نتائج کا اعلان کردیا

پنجاب پبلک سروس کمیشن نے پی ایم  ایس 2023 کے نتائج کا اعلان کردیا

لاہور(خبر نگار)پنجاب پبلک سروس کمیشن نے صوبے کے سب سے بڑے مقابلے کے امتحان پراونشل مینجمنٹ سروس (پی ایم ایس)2023کے نتائج کا اعلان اورکامیاب امیدواروں کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

 391 امیدواروں نے تحریری امتحان میں کامیابی حاصل کی ۔کاظم مقدس ڈپٹی ڈائریکٹر /ترجمان پی پی ایس سی کے مطابق 21022 امیدواروں نے تحریری امتحان فیز ون میں حصہ لیا جس میں 6513 امیدوار کامیاب ہوئے جنہیں فیز ٹو امتحان کیلئے بلایا گیا ،کامیاب امیدواروں کی فہرستیں جاری کر دی ہیں ۔اسسٹنٹ کمشنر بننے کیلئے کامیاب امیدواروں کاسائیکالوجسٹ اسیسمنٹ کے بعد انٹرویو لیاجائیگا۔پنجاب پبلک سروس کمیشن نے 3محکموں میں مختلف اسامیوں کے نتائج کا اعلان اور کامیاب امیدواروں کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ۔ ایف ڈی اے ، محکمہ ہاؤسنگ اربن ڈیویلپمنٹ اینڈ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر (سول انجینئرنگ)کی اسامی کیلئے تحریری امتحان میں ایک امیدوار اورمحکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر میں اسسٹنٹ پروفیسر آف کارڈیک سرجری کی اسامیوں کیلئے 8 امیدوار کامیاب ہوئے ۔ ان میں سے 6اوپن میرٹ اور 2 امیدوار خواتین کوٹے پر کامیاب ہوئے ۔ خواتین کوٹے کی مخصوص نشست کوئی امیدوار نہ ہونے پر خالی رہ گئی۔محکمہ آبپاشی پنجاب میں سب انجینئر (سول)(ڈی جی خان زون)کی 11 اسامیوں کیلئے 10 امیدوار کامیاب ہوئے ۔خواتین کوٹے کیلئے موزوں امیدوار دستیاب نہ ہونے پر دو اسامیاں اوپن میرٹ میں شامل کر دی گئیں۔ اقلیتی کوٹے کی اسامی موزوں امیدوار نہ ہونے پرخالی رہ گئی۔کامیاب امیدواروں کی فہرست کمیشن کی ویب سائٹ پر دستیاب ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں