حکومتی ارکان نے ڈسپلن کی خلاف ورزیاں کیں ، کارروائی نہ کرنے پر سوالیہ نشان ،اپوزیشن رکن کا سپیکر کے نام کھلا خط
لاہور(سیاسی نمائندہ)معطل رکن خیال احمد کاسترو نے سپیکر پنجاب اسمبلی کے نام کھلا خط لکھ دیا۔ متن میں لکھا، حکومتی جماعت کے ارکان کے خلاف کوئی کارروائی نہ کرنا آپ کے آئینی منصب پر بھی سوالیہ نشان اور جانبداری کا مظہر ہے۔
میں آپ کی توجہ اپوزیشن کے ساتھ ہونے والی نا انصافیوں اور حکومتی ظالمانہ رویہ کی طرف دلانا چاہتا ہوں۔ جناب سپیکر ! جس ملک کی اسمبلی میں ہی اسمبلی اراکین کے ساتھ نا انصافی ہو وہاں پر ہمیں آئین اور قانون کا لیکچر دیا جاتا ہے ۔پوری دنیا کی جمہوری حکومتوں میں اپوزیشن ارکان اسمبلی کو اپنا پورا جمہوری حق استعمال کرتے ہوئے اپنی عوام کی خاطر اسمبلی فلور پر آواز بلند کرنے کا پورا موقعہ دیا جاتا ہے ۔ وہ احتجاج کی صورت میں بھی ہو سکتا ہے ۔کسی بھی جمہوری ملک میں کبھی بھی بجٹ اجلاس کے دوران جب اپوزیشن لیڈر تقریر کر رہے ہوں تو حکومت کی جانب سے وزراء اور ارکان اسمبلی آگے آکر گندے اور نازیبا اشارے نہیں کرتے حکومتی ارکان کی جانب سے سرزد کردہ ڈسپلن کی خلاف ورزیاں فوٹیج کیمروں میں محفوظ ہیں۔