احتجاجی تحریک :عمران کے دونوں بیٹے پاکستان آئینگے :علیمہ
راولپنڈی ( خبر نگار )بانی پی ٹی آئی عمران خان کی ہمشیرہ علیمہ خان نے کہا ہے کہ بانی نے کہا ہے جو تحریک کا وزن نہیں اٹھا سکتا وہ ابھی سے الگ ہو جائے ، 5 اگست کو تحریک عروج پر جانی چاہئے ۔
سلیمان اور قاسم نے کہا امریکا کے بعد وہ پاکستان میں احتجاجی تحریک کا حصہ بنیں گے ۔کچھ بھی ہو بانی کا پیغام عوام تک ضرور پہنچائیں گے ، ہمارے بھی ذرائع ہیں جو ہمیں خبریں دیتے ہیں۔نورین نیازی اور عظمیٰ خان کی عمران سے ملاقات کے بعد اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو میں علیمہ خان کا مزید کہنا تھا کہ بانی نے کہا ہے ایک ہفتے سے انکا ٹی وی، اخبار اور کتابیں بند کردی گئی ہیں، بشریٰ بی بی کو بھی قید تنہائی میں رکھا گیا ،ہماری فیملیاں احتجاجی تحریک میں پوری طرح شامل ہونگی۔ قبل ازیں بانی سے ملاقات کرکے عظمیٰ خان کے ہمراہ جیل سے واپس آنے پر نورین نیازی نے مختصر میڈیا گفتگو میں کہا بانی خیریت سے ہیں، انکے ساتھ وہ ہو رہا ہے جو کسی قیدی سے نہیں ہوتا۔ چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر نے بھی عمران خان سے ملاقات کی اوروزیراعظم کی مذاکرات کی پیشکش سے متعلق بتایا،عمران خان نے کوئی حتمی جواب نہ دیا ۔ذرائع نے یہ بتایا بیرسٹر گوہر نے بانی کو پارٹی امور اوراسیر قیادت کے خط بارے آگاہ کیا، بیرسٹر گوہر نے بانی کو بتایا موجودہ حالات میں قیادت بارے سخت پیغامات مناسب نہیں،26ویں آئینی ترمیم کے بعد عدلیہ کی پوزیشن سے بھی آگاہ کیا اورکہااحتجاج اور عدلیہ کے علاوہ بھی دستیاب آپشنز پر غور کرنا چاہیے ۔قبل ازیں میڈیا سے گفتگو میں بیرسٹر گوہر کا کہنا تھاکہ کوشش ہے مذاکرات کا سلسلہ آگے بڑھے جن سے بات ہونی چا ہئے کوشش ہے انہی سے ہو، فی الوقت ہمارا کسی قسم کا کوئی بیک ڈور ڈائیلاگ نہیں چل رہا۔