سرکاری سکولوں کو اچھے پرائیویٹ سے بھی بہتر بنانا چاہتے ہیں : مریم نواز
لاہور(دنیانیوز)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے سرکاری سکولوں میں پہلی مرتبہ وین اور بس سروس متعارف کرانے کا فیصلہ کرتے ہوئے جامع پلان طلب کرلیا، ان کا کہنا تھا کہ سرکاری سکولوں کا معیار اچھے پرائیویٹ سکولوں سے بھی بہتر بنانا چاہتے ہیں۔
وزیراعلیٰ کی زیر صدات سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کاخصوصی اجلاس گزشتہ روز ہوا جس میں آؤٹ سورس سکولوں، سکول میل پروگرام اور دیگر پراجیکٹس کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ڈسپلن، کلاس روم، لیب اور معیار تعلیم کی بنیاد پر سکول آف منتھ اور بہترین کارکردگی پرٹیچرآف دی منتھ ایوارڈ دینے کا فیصلہ کیا گیا ،مریم نواز نے آن ویل مونٹیسری سکول پراجیکٹ شروع کرنے کے لئے اقدامات کی ہدایت کر دی۔ سرکاری سکولوں میں پہلی مرتبہ وین اوربس سروس متعارف کرانے کا بھی فیصلہ کیا گیا،اس پر وزیراعلیٰ نے جامع پلان طلب کر لیا۔ صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے بریفنگ میں بتایاکہ پنجاب میں سکولوں کی آؤٹ سورسنگ کے شاندار نتائج سامنے آرہے ہیں،طلبہ انرولمنٹ میں 99 فیصد اور ٹیچرز کی تعداد میں 114 فیصد اضافہ ہوا ہے ، آؤٹ سورس کردہ سکولوں میں 80 فیصد انفراسٹرکچر میں بہتری کا ہدف مکمل کرلیا گیا ہے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ پنجاب سکول ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ نے دنیا کی سب سے بڑی کامیاب پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کا ریکارڈ قائم کیا ہے ، سرکاری سکول آؤٹ سورس کرنے سے محض16 ماہ میں 13 لاکھ انرولمنٹ بڑھ چکی ہے ، مزید ساڑھے 10ہزار سکول ایک سال میں آؤٹ سورس ہونگے۔ وزیراعلیٰ نے پیف ایجوکیشن ٹیک سکولوں کے پائلٹ پراجیکٹ کا اجرا کر دیا،انہوں نے دیہات میں بھی ایجوکیشن ٹیک سکول شروع کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں ڈیرہ غازی خان، لیہ، لودھراں، بھکر، میانوالی اوربہاولنگر کے اضلاع میں سکول میل پروگرام شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ مریم نواز نے کہا کہ کوالٹی آف ایجوکیشن کے لئے ٹیچر کی معیاری ٹریننگ اشد ضروری ہے۔پنجاب بھر میں سکولوں کے داخلی راستوں کو یکساں طور پر بہتر بنایا جائے۔ مریم نواز نے مادر ملت محترمہ فاطمہ جناح کی 58 ویں برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ فاطمہ جناح کی شخصیت پاکستان کی خواتین کے لئے ہمت، کردار اور وقار کی علامت ہے ،انہوں نے اپنے عظیم بھائی قائد اعظم محمد علی جناح کا ہر محاذ پر ساتھ دیا، بطور خاتون میں محترمہ فاطمہ جناح کو رول ماڈل سمجھتی ہوں۔