وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس:نیشنل ٹیرف کمیشن کی کارکردگی کا جائزہ،ہنگامی بنیادوں پر تنظیم نو کی ہدایت

وزیراعظم کی زیرصدارت اجلاس:نیشنل ٹیرف کمیشن کی کارکردگی کا جائزہ،ہنگامی بنیادوں پر تنظیم نو کی ہدایت

اسلام آباد(نامہ نگار)وزیراعظم شہباز شریف نے نیشنل ٹیرف کمیشن کی قانونی، انتظامی اور دیگر ادارہ جاتی اختیارات و فرائض کی ہنگامی بنیادوں پر تنظیم نو کی ہدایت کردی ،ان کاکہناتھاکہ نیشنل ٹیرف کمیشن کی نئی ٹیرف رجیم کے تقاضوں کی بخوبی انجام دہی کیلئے خطوط پر تنظیم نو ناگزیر ہے۔

نیشنل ٹیرف کمیشن کے پاس ملکی کاروبار اور درآمدات و برآمدات مارکیٹ کے متعلق تمام زمینی حقائق اکٹھے کرنے کی موثراستعداد ہونی چاہئے ۔ نیشنل ٹیرف کمیشن کی کارکردگی پر جائزہ اجلاس گزشتہ روز ہوا،جس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے ہدایت کی کہ نیشنل ٹیرف کمیشن کی قانونی، انتظامی اور دیگر ادارہ جاتی اختیارات و فرائض کی ہنگامی بنیادوں پر تنظیم نو اور نیشنل ٹیرف کمیشن کی حالیہ کارکردگی کی تھرڈ پارٹی نظر ثانی کی جائے تاکہ اس کو مزید فعال بنایا جائے ۔ انہوں نے کہاکہ نیشنل ٹیرف کمیشن کی خودکار اور موثر تحقیقی استعداد ملکی کاروبار کو درپیش مسائل حل کرنے میں کلیدی کردار ادا کر سکتی ہے ۔انہوں نے ہدایت کی کہ نیشنل ٹیرف کمیشن کے اپیلیٹ ٹربیونل کو فوری طور پر فعال کرنے اورجاری کردہ نئی ہدایات پر پیشرفت کی بریفنگ اگلے ماہ دی جائے ۔ قبل ازیں نیشنل شپنگ کارپوریشن کی تنظیمِ نو، اصلاحات، کارکردگی کے جائزے اور اسے بین الاقوامی معیار کی شپنگ کمپنی بنانے کے حوالے سے اجلاس ہوا ۔وزیراعظم نے پی این ایس سی کو بین الاقوامی معیار کی شپنگ کمپنی بنانے کیلئے جامع منصوبہ پیش کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ جہاز رانی کے شعبے میں سرمایہ کاری کی وسیع صلاحیت موجود ہے ۔ شپنگ کے شعبے میں نجی سرمایہ کاری کی حوصلہ افزائی کیلئے جامع پلان مرتب کرکے پیش کیا جائے ، بحری جہازوں کی تعداد میں اضافے اور پاکستان میں کارگو کی آمدو رفت کیلئے مسابقتی بنیادوں پر پی این ایس سی کے جہازوں کے استعمال کے فروغ کے حوالے سے اقدامات کئے جائیں۔ بین الاقوامی ای کامرس کمپنی علی بابا گروپ کی انٹرنیشنل مارکیٹس کے صدر جیمز ڈونگ کی قیادت میں 6 رکنی وفد نے گزشتہ روز شہبازشریف سے ملاقات کی ۔ وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ ملک میں ای کامرس کو مزید فروغ دینے کا لائحہ عمل تیار کرنے کے لئے کمیٹی تشکیل دی جائے اور ای کامرس پلیٹ فارمز پر مصنوعات فروخت کرنے والے پاکستانی کاروباروں کی تعداد میں مزید اضافے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔ ان کا کہناتھاکہ عصر حاضر میں ای کامرس برآمدات میں خاطر خواہ اضافے کا ایک بہت بڑا ذریعہ ہے ، ای کامرس حکومت کے برآمدات پر مبنی معیشت کے وژن کی تکمیل کے عمل کا ایک انتہائی اہم عنصر ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں