بارش :کوٹ لکھپت جیل میں پانی ، بجلی بند ، سماعت نہ ہوسکی
لاہور( کورٹ رپورٹر) لاہور میں بارش کے باعث نو مئی جناح ہاؤس سمیت جلاؤ گھیراؤ کے دو مقدمات کے کوٹ لکھپت جیل ٹرائل میں کارروائی نہ ہوسکی ۔
عدالت کا جیل میں ناقص انتظامات پر اظہار ناراضگی اور آئندہ عدالت کو جنریٹر کے ساتھ منسلک کرنے کی ہدایت کردی ۔اے ٹی سی کے جج منظر علی گل نے کوٹ لکھپت جیل میں جاکر کیسز کی سماعت کی لاہور میں ہونے والی بارش سے جیل میں پانی کھڑا ہوگیا اور بجلی بند ہوگئی جیل میں بجلی بند ہونے اور ناقص انتظامات پر عدالت نے اظہار ناراضگی کیا ۔ آئندہ عدالت کو جنریٹر کے ساتھ منسلک کرنے کی ہدایت کردی۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ عدالتی عملہ ملزمان ،گواہ سب موجود ہیں مگر ناقص انتظامات کے باعث کارروائی نہیں ہوئی ، عدالت نے جناح ہاؤس کیس کی 19 جولائی جبکہ دو مقدمات کی بارہ جولائی تک سماعت ملتوی کر دی ۔ جناح ہاؤس ،تھانہ شادمان اور راحت بیکری کے باہر جلاؤ گھیراؤ کے مقدمات کی سماعت تھی ۔ ادھر گرفتار ملزم شاہ محمود قریشی ،ڈاکٹر یاسمین راشد ،اعجاز چودھری سمیت دیگر کو پیش کیا گیا تھا۔پی ٹی آئی رہنما اعجاز چودھری پر جناح حملہ کیس سمیت سانحہ نو مئی کے دیگر 4 مقدمات میں لاہور ہائیکورٹ نے درخواست ضمانتوں پر مقدمات کے شریک ملزموں کی ضمانتوں کے متعلق 14 جولائی کو رپورٹ طلب کرلی ۔جسٹس سید شہباز علی رضوی اور جسٹس اسجد جاوید گھرال پر مشتمل دو رکنی بینچ نے سماعت کی، جسٹس سید شہباز علی رضوی نے سرکاری وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا اس مقدمے میں کتنے شریک ملزموں کی ضمانتیں ہوئی ہیں ، کتنوں کی خارج ہوچکی ہیں ؟ ،آئندہ سماعت پر شریک ملزموں کی ضمانتوں کی تفصیل کے متعلق بتایا جائے ،دو رکنی بینچ نے کیس کی مزید سماعت 14جولائی تک ملتوی کردی۔