’’یوم شہدائے کشمیر‘‘ آج منایا جائیگا، مقبوضہ کشمیر میں ہڑتال ہوگی
سرینگر، اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں،سٹاف رپورٹر )کل جماعتی حریت کانفرنس کی کال پر ‘‘یوم شہدائے کشمیر’’ آج منایا جائیگا، حریت کانفرنس نے 13جولائی 1931کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے مقبوضہ کشمیر میں آج مکمل ہڑتال کی کال دی ہے۔
حریت کانفرنس کے نائب چیئرمین غلام احمدگلزار نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں لوگوں پر زور دیا کہ وہ سرینگر کے نقشبند صاحب شہدا قبرستان کی طرف مارچ بھی کریں جہاں 13 جولائی کے 22 شہدا مدفون ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وطن کے ان بہادر بیٹوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور جد وجہد آزادی کی بنیاد رکھی۔ انہوں نے آزاد کشمیر، پاکستان اور دیگر ملکوں میں مقیم کشمیریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ شہدا کی یاد میں ریلیاں اور سیمینار زمنعقد کریں اور ان کی قربانیوں کو عالمی سطح پر اجاگر کریں ۔ صدرمملکت آصف علی زرداری نے یوم شہدائے کشمیر کے موقع پر پیغام میں 22 عظیم کشمیری شہدا کو خراجِ عقیدت کرتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام جس جدوجہد کو آگے بڑھا رہے ہیں، وہ انہی 22 شہدا کی قربانیوں کا تسلسل ہے ، وزیراعظم شہباز شریف نے پیغام میں کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے کا عزم کرتے ہوئے کہا ہے کہ 13 جولائی کا دن کشمیر یوں کی استقامت، سفاک قوتوں کیخلاف مزاحمت اور غیر متزلزل عزم کی یاد دہانی ہے ۔یاد رہے ڈوگرہ مہاراجہ ہری سنگھ کے فوجیوں نے 13 جولائی1931 کو 22 کشمیریوں کو گولیاں مار کر شہید کر دیا تھا۔ شہید ہونے والے یہ افراد ان ہزاروں لوگوں میں شامل تھے جو عبدالقدیر نامی ایک شخص کے خلاف مقدمے کی سماعت کے موقع پرسرینگر سنٹرل جیل کے باہر اکٹھے ہوئے تھے ۔ نماز ظہر کے وقت ایک کشمیری نوجوان نے جب اذان دینا شرو ع کی تو مہاراجہ کے فوجیوں نے اسے گولی مارکر شہید کر دیا۔اس کے بعد ایک اور شخص اذان پوری کرنے کیلئے کھڑا ہوا تو اسے بھی شہید کردیا گیا۔ یوں اذان مکمل ہونے تک 22کشمیریوں نے اپنی جانیں قربان کیں،ادھر ورلڈ کشمیر اویئرنس فورم نے 13جولائی 1931کے شہداکو ان کی 94ویں برسی پر خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے نیویاک میں ڈیجیٹل ٹرک مہم کا انعقاد کیا۔ ٹرکوں کی ڈیجیٹل سکرینوں پر پیغامات چلائے گئے کہ شہداکا خون رائیگاں نہیں جائے گا ،کشمیریوں کو بھارت سے آزادی ضرور ملے گی۔