پیپلزپارٹی کیلئے ہوا سازگار بننے نہیں دی جارہی : ندیم افضل چن
اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ ابھی پیپلزپارٹی کیلئے ہوا سازگار بننے نہیں دی جارہی، حکومت کی طرف سے پیپلزپارٹی کو سپیس نہیں دی جا رہی، پیپلزپارٹی نظام کے ساتھ کھڑی رہی تو نظام سے فائدہ اٹھانے والے بچے رہیں گے، پارٹی چاہتی ہے کہ یہ نظام اور جمہوریت چلتی رہے۔
ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ پارٹی کوئی گیم نہیں کھیلتی، کوئی مشکل میں پڑتا ہے تو جمہوریت کے پردے کے پیچھے چھپتا ہے ، کوئی جمہوریت کے پردے کے پیچھے چھپتا ہے تو پارٹی کی مددکی ضرورت پڑ جاتی ہے ۔سیاسی رہنماؤں کی پی پی میں شمولیت کے سوال پر ندیم افضل چن کا کہنا تھا کہ پنجاب میں متعدد لوگ پیپلزپارٹی میں آنا چاہتے ہیں لیکن حکومتی ہتھکنڈے پنجاب میں لوگوں کوپی پی میں شمولیت سے روکتے ہیں۔جہانگیر ترین کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ جہانگیر ترین پیپلزپارٹی میں آئے تو ہم انہیں خوش آمدید کہیں گے ،بانی پی ٹی آئی عمران خان سے متعلق سوال پر پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ کسی کیلئے مشکل ہو یا نہیں لیکن جیل جیل ہوتی ہے ، میں نے جب بانی پی ٹی آئی سے پہلی بار ملاقات کی انہیں کہا تھا جیل ریفارمز کریں۔