بھرتی سکینڈل : صدارتی ایوارڈ یافتہ سائنسدان ڈاکٹر غلام محمد علی، ڈائریکٹر اسٹیبلشمنٹ گرفتار

بھرتی سکینڈل : صدارتی ایوارڈ یافتہ سائنسدان ڈاکٹر غلام محمد علی، ڈائریکٹر اسٹیبلشمنٹ گرفتار

اسلام آباد(اپنے نامہ نگار سے، دنیا نیوز، آن لائن)ایف آئی اے نے پی اے آر سی میں غیرقانونی بھرتیوں اور اختیارات کے ناجائز استعمال پر کارروائی کرتے ہوئے صدارتی ایوارڈ یافتہ چیئرمین ڈاکٹر غلام محمد علی اور ڈائریکٹر اسٹیبلشمنٹ اخلاق ملک کو گرفتار کرلیا۔۔۔

 ملزمان پر 164 منظور شدہ اسامیوں پر 332 افراد کو غیر قانونی طریقے سے بھرتی کرنے اوررشوت لینے کاالزام ہے ، ایف آئی اے نے 19افسران کیخلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے اوردیگرافسران واہلکاروں کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں،مزیدبرآں جوڈیشل مجسٹریٹ احمدشہزاد گوندل نے پی اے آرسی کے چیئرمین ڈاکٹر غلام محمد علی اورڈائریکٹر اسٹیبلشمنٹ اخلاق ملک کوتین روزہ جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے حکام کے حوالے کردیا ہے ، ایف آئی اے حکام نے ملزمان کو عدالت پیش کرتے ہوئے 14دن کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی،پراسیکیوٹر نے بتایا چیئرمین پی اے آر سی نے 164 منظور شدہ اسامیوں پر 332 افرادکو غیر قانونی طریقہ سے بھرتی کیا، ڈاکٹر غلام محمد علی سمیت 19 افسروں کے خلاف ایف آئی اے میں مقدمہ درج ہے ،ملزمان پر مبینہ رشوت لینے کے الزامات بھی ہیں،اس موقع پر چیئرمین پی اے آر سی نے کہا تمام اسامیوں کا اشتہار دیا گیا تھا اورسلیکشن کیلئے کمیٹیاں بنائی تھیں،جج احمد شہزاد گوندل نے کہا ابھی تحقیقات ہونی ہیں چیزیں سامنے آئیں گی، عدالت نے دونوں ملزمان کو 3 دن کے جسمانی ریمانڈ پر ایف آئی اے کے حوالے کردیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں