پختونخوا کے عوام مریم نواز جیسی وزیراعلیٰ کے منتظر : عظمیٰ بخاری
لاہور(نیوز ایجنسیاں)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ جیل میں سہولیات کا شور مچانے والے درحقیقت غیرمعمولی آسائشوں سے لطف اندوز ہو رہے ہیں، جہاں ان کے لیے علیحدہ باورچی، اپنا مخصوص مینو اور روزانہ کی ورزش جیسی سہولیات میسر ہیں۔
بڑی پارٹی کے بانی اس قدر بے بس ہو چکے ہیں کہ اب وہ اپنے ہی ٹویٹس کی ری ٹویٹ کے لیے منتیں کرتے نظر آتے ہیں۔ کے پی کے لوگ گنڈاپورکی کارکردگی سے سخت مایوس ہیں اور عوام اب پنجاب کی طرز پر مریم نواز جیسے متحرک اور وژنری وزیراعلیٰ کے خواہاں ہیں۔خیبرپختونخوا میں اربوں کے سکینڈلز روزانہ کامعمول بن چکے ہیں ، ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عالیہ حمزہ سے متعلق سلمان اکرم راجہ کی گفتگو پر انہوں نے کہا کہ ان کا انداز گفتگو ایک سخت گیر تھانے دار جیسا محسوس ہوا، جو سیاسی و سماجی شائستگی کے خلاف ہے، تحریکِ انصاف میں عزت صرف چند مخصوص خواتین تک محدود ہے، انہوں نے اعتراف کیا کہ بڑھتی ہوئی بجلی و پٹرول کی قیمتوں سے عوام پریشان ہیں، مگر یہ فیصلے کسی بھی حکومت کے لیے خوشی کا باعث نہیں ہوتے۔ آئی ایم ایف کا سخت پروگرام ہماری مجبوری ہے، دعا ہے جلد اس سے نجات حاصل ہو۔ جماعت اسلامی کا پرامن احتجاج آئینی حق ہے، مگر کلاشنکوف، غلیلیں اور کنچے لاکر احتجاج کو فساد میں بدلنا ناقابلِ قبول ہے۔