حکومت صدر زرداری کے ویژن کی وجہ سے چل رہی : گورنر پنجاب
لاہور(سپیشل رپورٹر)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ موجودہ حکومت صدر آصف علی زرداری کے سیاسی ویژن کی وجہ سے چل رہی ہے۔ بلاول بھٹو کی بدولت پاکستان کو سفارتی کامیابی حاصل ہوئی۔ اپنے ورکرز کا دفاع نہ کرسکا تو گورنر شپ چھوڑ دوں گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں گورنر ہائوس لاہور میں پارٹی وفدسے ملاقات کے دوران کیا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے پاس جو لیڈر شپ ہے وہ کسی اور سیاسی جماعت کے پاس نہیں۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری ایک دلیر سیاستدان ہیں جنہوں نے مودی کو للکارا اور گجرات کا قصائی کہا۔ انہوں نے کہا کہ بلاول نے انٹرنیشنل میڈیا کے سامنے جو اپنا موقف رکھا اس میں پاکستان کو سفارتی کامیابی حاصل ہوئی۔ ا نہوں نے کہا کہ اگلے الیکشن جب بھی ہوں گے تو بلاول ملک کے وزیراعظم بنیں گے اور ملک کو چیلنجز سے نکالیں گے ۔ بعد ازاں،گورنر پنجاب سلیم حیدر خان نے مقامی ہوٹل لاہور میں 24ویں انٹرنیشنل فورم عرب ٹورازم اینڈ عمرہ پاکستان علما کونسل کے تحت منعقدہ تقریب میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ گورنر پنجاب سلیم حیدر نے مذہبی سیاحت کی نمائش کا افتتاح کیا۔