بلوچستان میں ایک بیٹی کے لرزہ خیز قتل نے جھنجھوڑ کر رکھ دیا : مریم نواز

بلوچستان میں ایک بیٹی کے لرزہ خیز قتل نے جھنجھوڑ کر رکھ دیا : مریم نواز

لاہور(اے پی پی)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بلوچستان میں جرگہ کے حکم پر جوڑے کے قتل پر اپنے ردعمل میں سماجی رابطہ کی ویب سائٹ ایکس پر جاری پیغام میں کہا ہے کہ غیرت کے نام پر ایک بیٹی کا قتل پوری انسانیت کے ضمیر پر حملہ ہے، لرزہ خیز واقعے نے ہر حساس دل کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا، یہ ظلم ناقابلِ معافی ہے، ریاستی قانون سے بالاتر کوئی رسم، روایت یا سوچ قابلِ قبول نہیں۔ مطالبہ ہے کہ قاتلوں کو قانون کے شکنجے میں لا کر قرار واقعی سزا دی جائے۔

دریں اثنا وزیراعلیٰ سے ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی ملک ظہیر اقبال چنڑ نے ملاقات کی۔ ملاقات میں عمومی سیاسی صورتحال اور جنوبی پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیاجبکہ وزیراعلیٰ عوام کی ضروریات کے پیش نظر بہاولپور میں چلڈرن ہسپتال کے قیام کی اصولی منظوری دیتے ہوئے چلڈرن ہسپتال پراجیکٹ کا پلان طلب کر لیا، بہاولپور کے سول ہسپتال کے قریب چلڈرن ہسپتال کی تعمیر پر اتفاق کیا گیا۔ ڈپٹی سپیکر نے صوبے میں روڈز کی تعمیر و بحالی پروزیر اعلیٰ کو خراج تحسین پیش کیااور بہاولپور میں برن سنٹر بنانے پر شکریہ بھی ادا کیا۔ملک ظہیر اقبال چنڑ نے پنجاب بھر میں فیلڈ ہسپتال، کلینک آن ویل، مریم نواز ہیلتھ کلینک پراجیکٹ کو سراہا اور پنجاب ڈیویلپمنٹ پروگرام کے تحت ہر شہر کی یکساں ترقی کے ویژن کو گیم چینجر قرار دیا۔ انہوں نے ایئر ایمبولنس،فیلڈ ہسپتال اور تجاوزات کے خاتمے کیلئے اقدامات پر بھی مریم نواز کو خراج تحسین پیش کیا ۔

اس موقع پروزیراعلیٰ مریم نوازنے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کی ترقی کے منصوبے میرے دل کے بے حد قریب ہیں،جنوبی پنجاب کے عوام کو بنیادی سہولتیں دہلیز پر فراہم کر رہے ہیں۔ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی ملک ظہیر اقبال چنڑ نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب حقیقی ترقی کی راہ پر گامزن ہے ،عوام دوست فیصلے مریم نواز کی حکومت کا طرہ امتیاز ہیں۔دوسری طرف وزیراعلیٰ پنجاب نے سرائے عالمگیر میں نہر میں نہاتے ہوئے تین نوجوانوں کے ڈوب کر جاں بحق ہونے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے واقعہ کی رپورٹ طلب کر لی ۔ ادھروزیراعلیٰ پنجاب نے ایکس میسج پر اپنے پیغام میں سینیٹ الیکشن میں 99کے مقابلے میں 243 ووٹ حاصل کرنے پراظہار تشکر کرتے ہوئے حافظ عبد الکریم کو مبارکباد دی ہے ۔انہوں نے اتحادیوں کا بھی خصوصی شکریہ ادا کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں