وہ دن دور نہیں جب اقوام عالم میں سراٹھا کر چلیں گے : شہباز شریف

وہ دن دور نہیں جب اقوام عالم میں سراٹھا کر چلیں گے : شہباز شریف

اسلام آباد(نامہ نگار، نیوز رپورٹر)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا طبی شعبہ میں انقلاب لانا مشکل ضرور ہے لیکن ناممکن نہیں، ملکی تقدیر بدلنے کیلئے سب کو مل کر کردار ادا کرنا ہو گا، وہ دن دور نہیں جب ہم اقوام عالم میں سر اٹھا کر چلیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے طبی آلات کی لائسنسنگ اور رجسٹریشن کے ڈیجیٹل نظام کے افتتاح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ شہباز شریف نے کہا وزارت صحت میں ڈیجیٹائزیشن کا عمل قابل ستائش ہے ، ڈیجیٹل سسٹم کیلئے کام کا آغاز ہم نے پی ڈی ایم حکومت میں کیا۔ وزیراعظم نے کہا پاکستان کے ایک دوست ملک نے ایک ہسپتال اور ایک برن یونٹ تحفہ میں دیا جو کئی سال سے بند ہیں، میرے کہنے پر مصطفیٰ کمال نے نوٹس لیا، اب اس کو فعال کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا جس سسٹم کا افتتاح کیا گیا اس سے طبی آلات کی رجسٹریشن 20 دنوں میں ہو گی، اس کے کئی کئی سال فیصلے نہیں ہو رہے تھے ، توقع ہے کہ وزیر، سیکرٹری اور سی ای او 20 دن میں میرٹ پر فیصلے کرکے تاریخ رقم کریں گے ۔ انہوں نے کہا 2015-16ء میں روپے سے مستحق مریضوں کو مفت ادویات کی فراہمی کا منصوبہ شروع کیا تو ادویات کے سیمپل ٹیسٹ کیلئے باہر بھجوائے گئے جس پر انکشاف ہوا کہ 60 فیصد ادویات غیر معیاری ہیں، اس کے بعد ہم نے اقدامات اٹھائے اور تھوڑے ہی عرصہ میں سرکاری خریدی گئی ادویات دوبارہ ٹیسٹ پر معیاری نکلیں۔ وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے خطاب کرتے ہوئے کہا طبی آلات کی لائسنسنگ اور رجسٹریشن کے ڈیجیٹل نظام سے کرپشن ختم ہو گی۔

انہوں نے کہا وزیراعظم نے آبادی کے حوالے سے اعلیٰ سطح کی کمیٹی تشکیل دی ہے ، شرح آبادی 2.5 فیصد جبکہ فر ٹیلٹی ریٹ 3.6 ہے ، ہر سال ساڑھے 61 لاکھ آبادی کا اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا ہم کیو آر کوڈ اور بار کوڈ متعارف کرانے جا رہے جس سے 24 کروڑ لوگ ادویات جعلی یا اصلی ہونے ، زائد المیعاد تاریخ اور اصل قیمت سے آگاہی حاصل کر لیں گے ، یہ کام 3ماہ میں مکمل کر لیں گے ۔ اس موقع پر وزیراعظم نے ڈیجیٹل نظام کا افتتاح کیا۔ میسرز کوئیک ٹیسٹ کے سی ای او نے وزیراعظم سے پہلا لائسنس وصول کیا۔۔ادھر شہباز شریف نے سعودی عرب کے شہزادہ الولید بن خالد بن طلال کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا ہم خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، ولی عہدو وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان، شاہی خاندان اور سعودی عرب کے برادر عوام سے دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ علاوہ ازیں وزیراعظم نے پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کے امیدوار حافظ عبد الکریم کو سینیٹ کے انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی اور نیک خواہشات کا اظہارکیا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں