خیبرپختونخوا:تحریک انصاف کی مشال یوسفزئی سینیٹر منتخب

 خیبرپختونخوا:تحریک انصاف کی مشال یوسفزئی سینیٹر منتخب

پشاور (دنیا نیوز، مانیٹرنگ ڈیسک) خیبرپختونخوا میں سینیٹ الیکشن میں غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق ثانیہ نشتر کی خالی نشست پر پی ٹی آئی کی مشال یوسفزئی سینیٹر منتخب ہو گئیں۔

ریٹرننگ آفیسر نے فارم 58 جاری کر دیا، مشال یوسفزئی نے 86 ووٹ، اپوزیشن کی امیدوار مہتاب ظفر نے 53 اور آزاد امید وار صائمہ خالد نے ایک ووٹ حاصل کیا، 2 ووٹ مسترد ہوئے ۔نو منتخب سینیٹر مشال یوسفزئی نے کہا کہ سینیٹر منتخب ہونا میرے لیے بڑا اعزاز ہے ، جیت پر بانی پی ٹی آئی کی شکرگزار ہوں۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مشال نے کہا کہ ایم پی ایز نے مجھے نہیں بانی کے نظرئیے کو ووٹ دیا، یہ میری نہیں نظریہ کی جیت ہے ۔ادھر سینیٹ الیکشن میں سابق سپیکر اسد قیصر کے بھائی صوبائی وزیر آبپاشی عاقب اللہ خالی کاغذ بیلٹ بکس میں ڈالتے ہوئے پکڑے گئے ۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت کے رکن حمید الرحمٰن نے بھی بیلٹ پیپر باہر نکالنے کی کوشش کی، صوبائی الیکشن کمشنر سعید گل نے دونوں اراکین کو پکڑنے کے بعد پولنگ کا عمل بھی روک دیا تھا۔ذرائع کے مطابق پریذائیڈنگ آفیسر سعید گل نے بیلٹ بکس کھول کر حمید الرحمٰن کا خالی کاغذ باہر نکالا، وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور کی طرف سے معذرت کے بعد پولنگ کا عمل دوبارہ شروع کیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ صوبائی وزیر تعلیم فیصل ترکئی نے بھی ووٹ باہر نکالنے کی کوشش کی ،ذرائع کے مطابق پولنگ اسٹیشن کے اندر موجود سرکاری سی سی ٹی وی کے کیمرے سے سارے واقعے کی فوٹیج بھی ڈیلیٹ کردی گئی ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں