موسم کی پیشگی اطلاع کا نظام موثر ، فعال بنایا جائے ،شہباز شریف

موسم کی پیشگی اطلاع کا نظام موثر ، فعال بنایا جائے ،شہباز شریف

اسلام آباد(نامہ نگار)وزیراعظم شہباز شریف نے کہاہے حالیہ شدید مون سون سیزن کے تناظر میں ملک بھر اور خصوصا آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں جانی و مالی نقصانات کے افسوس ناک واقعات ہوئے ۔

وفاقی حکومت دکھ کی اس گھڑی میں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی حکومت، انتظامیہ اور عوام کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں جانی و مالی نقصانات پر جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا متاثرہ علاقوں اور عوام سے اظہار یکجہتی کے لئے جلد گلگت بلتستان کا دورہ کروں گا اور نقصانات کے ہر ممکن ازالے کے لیے وفاقی حکومت کی طرف سے امدادی پیکیج دیا جائے گا۔وزیراعظم نے خصوصی ہدایت کرتے ہوئے کہا تمام متعلقہ وفاقی ادارے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کی انتظامیہ سے مل کر ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگائیں۔ شدید موسمی صورتحال کے نقصانات سے بچاؤ کے لیے محکمہ موسمیات کی پیشگی اطلاع کے نظام کو ہنگامی بنیادوں پر موثر اور فعال بنایا جائے ۔ چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا حالیہ مون سون سیزن میں اب تک مجموعی طور پر 295 اموات ہو چکی ہیں جبکہ 700 سے زیادہ افراد زخمی ہیں۔ 1600 سے زائد گھر مکمل طور پر تباہ ہو گئے 376 مویشی بھی بارشوں کی نذر ہو گئے ۔وزیر اعظم شہباز شریف نے سٹاک ایکسچینج میں 100 انڈیکس 1 لاکھ 40 ہزار پوائنٹس کی حد کو عبور کرنے پر اظہار اطمینان کیا ہے ۔ ان کا کہنا ہے سٹاک ایکسچینج میں کاروباری تیزی سرمایہ کاروں کے حکومتی پالیسیوں پر اعتماد کی عکاسی ہے ۔وزیراعظم شہباز شریف سے وفاقی وزیر صحت سید مصطفی کمال نے ملاقات کی اور اپنی وزارت سے متعلقہ امور پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں وزیر صحت نے ملک میں شعبہ صحت میں جاری منصوبوں اور اصلاحات کی پیشرفت کے حوالے سے آگاہ کیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں