تحریک سے عمران خان جیل سے رہا نہیں ہونگے : عباسی
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)سربراہ عوام پاکستان پارٹی شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ تحریک کا مقصد آئین ہونا چاہیے، کسی شخص کے لیے ریلیف نہیں، تحریک انصاف کو ہم نے یہی مشورہ دیا ہے کہ تحریک ایک دن کی نہیں ہوتی۔۔۔
تحریک کو ملکی ،قومی مسائل کے حل کیلئے چلایا جاتا ہے ،ایسی تحریک ہونی چاہئے جو قانون کی حکمرانی ، آئین کی بالادستی کیلئے ہو، اس تحریک کی ملک کوضرورت ہے ،تحریک انصاف کایہ فوکس ہے کہ عمران خان کو جیل سے نکالا جائے ،اس قسم کی تحریکیں ماضی میں نہیں چلیں،دنیا نیوزکے پروگرام ‘‘ٹونائٹ ود ثمرعباس’’میں انہوں نے کہا تحریک کے ذریعے بانی پی ٹی آئی عمران خان جیل سے رہا نہیں ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف رول آف لا کی بات کرے، رول آف لا کے ذریعے ہی عمران خان رہا ہوں گے ، اس وقت ملک کا سب سے بڑا مسئلہ قانون کی حکمرانی کا فقدان ہے، لاہور میں جلسے کی اجازت نہ دینا حکومت کی ناکامی ہے ،ہماری جماعت کو پی ٹی آئی کے احتجاج میں شرکت کی دعوت نہیں دی گئی۔حکومت کوتحریک انصاف کو احتجاج کی اجازت دینی چاہیے ، ایک سوال کے جواب میں شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ عمران خان کی مقتدرہ سے بات میری سمجھ سے باہر ہے ،آج ملک کووسیع ڈائیلاگ کی ضرورت ہے ، وسیع ڈائیلاگ میں اسٹیبلشمنٹ اورعدلیہ بھی ہو، میری نظرمیں ملک نہیں چل رہا،حکمران کرسی کوچھوڑکرملک کی ترقی کا راستہ ڈھونڈیں۔شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ جوچینی ڈیلیورنہیں کرسکتے وہ کیا ڈیلیورکریں گے ، پی ٹی آئی اگر اسمبلیاں چھوڑتی ہے تو پھرحکومت بھی چھوڑ دے۔