مودی پاگل شخص،بھارت دنیا کیلئے خطرہ بن گیا،مشعال ملک
کراچی(سٹاف رپورٹر)حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ اورکشمیری عوام کی آواز مشعال ملک نے کہاہے کہ کشمیر کی تحریک آزادی میں 5اگست 2019سیاہ ترین دن ہے ، آج کشمیریوں کو معلوم ہے کہ آزادی کی قیمت کیا ہوتی ہے ،مودی ایک پاگل شخص ہے جو بھارت ہی نہیں دنیا کے لیے خطرہ بن چکا ہے ۔
مشعال ملک نے منگل کو یوم استحصال کشمیر کے موقع پر مزار قائد پر حاضری دی اور میڈیا سے بات چیت میں بھارت کے مظالم پر سخت موقف اختیار کیا۔ان کا کہنا تھا کہ سیاسی اختلاف کا احترام کرتی ہوں، آج ایک ہونا ہوگا۔مشعال ملک نے کہاکہ مزار قائد پر آ کر ہماری روح کو اورطاقت ملتی ہے ، قائداعظم نے زندگی کا ہر لمحہ پاکستان کی آزادی کیلئے وقف کیا، قائداعظم نے کشمیر کو پاکستان کی شہہ رگ کہا تھا۔انہوں نے کہا کہ بھارت پاکستان میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں مصروف ہے ، پاکستان میں راء کا نیٹ ورک پھیلا ہوا ہے ، بھارت نے جنگ میں بھی شہری آبادی کو نشانہ بنایا، اللہ نے معرکہ حق میں پاکستان کو فتح عطافرمائی، بھارت نے پہلگام فالز فلیگ آپریشن کا الزام پاکستان پر لگایا اور جنگ چھیڑی۔انہوں نے کہاکہ بھارت نے تمام حریت قیادت کو یا تو شہید کر دیا یا جیلوں میں ڈال دیا ہے اور یاسین ملک کو بھی پھانسی دینے کی سازش کی جا رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ بھارت اقلیتوں کے خلاف قوانین منظورکر رہا ہے ۔بھارت کا اصل چہرہ بے نقاب ہو چکا ہے اور عالمی سطح پر تسلیم کیا جا رہا ہے کہ اصل مسئلہ کشمیر ہے ۔انہوں نے کہا کہ جب تک کشمیری عوام کو حق خود ارادیت نہیں دیا جاتا یہ مسئلہ کبھی حل نہیں ہو سکتا۔ اس موقع پر یاسین ملک کی بیٹی رضیہ سلطان نے بھی میڈیا سے گفتگو کی اور جذباتی انداز میں کہا کہ میں اپنے بابا سے کئی برسوں سے نہیں مل سکی۔ مودی کیا سمجھتا ہے کہ وہ میرے بابا کو لٹکا سکتا ہے ؟ ایک یاسین ملک نہیں، یہاں سب یاسین ملک ہیں۔