ایف بی آر اصلاحات کا نفاذ یقینی بنایا جائے :شہباز شریف
اسلام آباد (نامہ نگار،اے پی پی)وزیراعظم شہباز شریف نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)میں اصلاحات کے نتیجے میں جی ڈی پی کے تناسب سے ٹیکس وصولی میں اضافے کو اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ مالی سال کی ٹیکس وصولی اوراصلاحاتی اہداف میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائے گی۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو میں مجوزہ اصلاحات پر ہفتہ وار جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے ہدایت کی کہ ایف بی آر اصلاحات کی راہ میں سرخ فیتے اور اداراجاتی رکاوٹیں ختم کر کے اصلاحات کے مستقل نفاذ کو یقینی بنائیں۔وزیراعظم کو بتایا گیا انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کے فارم کو آن لائن اور اردو میں مرتب کر دیا گیا ہے ۔وزیر اعظم نے چھوٹے اور درمیانے درجے کے کسانوں کیلئے کم لاگت قرضوں کے حصول میں آسانی پیدا کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ زرعی پیدوار میں اضافے کیلئے کم رقبے والے کسان کو عزت اور تکریم د ینا ہوگی۔ زرعی ترقیاتی بینک اور کسانوں کو قرضوں کی فراہمی کیلئے اقدامات پر ہر تین ہفتے بعد اجلاس کی صدارت خود کرونگا۔جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم ہدایت کی کہ چھوٹے پیمانے کے کسانوں کو آسان شرائط پر کم لاگت قرض کی فراہمی کیلئے نجی بینکوں کی حوصلہ افزائی کی جائے ۔ شہباز شریف نے کہا چھوٹی اور درمیانے درجے کی صنعتیں ملکی ترقی و معیشت میں اہم مقام رکھتی ہیں ۔ وہ سمال اینڈ میڈیم ا نٹر پرائز ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی سٹیئرنگ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کر رہے تھے ۔ اجلاس کو بتایاگیا 3 کروڑ روپے سالانہ تک کا کاروبار کرنے والی کمپنیوں کو مائیکرو انٹرپرائزز کا درجہ دے کر سمیڈا کے دائرہ کار میں شامل کر لیا گیا ۔