مقررہ نرخ پر چینی کی فروخت کے معاملات طے نہ پا سکے

مقررہ نرخ پر چینی کی فروخت کے معاملات طے نہ پا سکے

لاہور(کامرس رپورٹر سے)مارکیٹ میں مقررہ نرخ پر چینی کی فروخت کے معاملات طے نہ پاسکے۔ پرچون میں دکانوں پر چینی 180 سے 185 روپے فی کلو خفیہ طور پر بیچی جا رہی ہے۔۔۔

 جبکہ اکثر دکاندار چینی فروخت سے گریز کرنے لگے ہیں۔ مارکیٹ میں سرکاری نرخ پر چینی فروخت کرانے کی انتظامی کوششیں جاری ہیں، اس کے باوجود نرخ کے مسائل ختم نہ ہو سکے ۔مارکیٹ ذرائع کے مطابق دکانداروں کو جبری طور پر چینی 173 روپے فی کلو فروخت کرنے پر مجبور کیا جا رہا ہے ، حالانکہ ہول سیل مارکیٹ میں مقررہ نرخ 169 روپے فی کلو پر چینی دستیاب نہیں۔ پرچون مارکیٹ میں اکثر دکانوں پرفی کلو چینی 180 سے 185 روپے میں بیچی جا رہی ہے ۔ زیادہ تر دکاندار انتظامی اقدامات کے خوف سے چینی فروخت کرنے سے گریز کر رہے ہیں کیونکہ انتظامیہ روزانہ سینکڑوں دکانداروں کو زائد نرخ پر چینی فروخت کرنے پر جرمانے اور گرفتاریاں کر رہی ہے ۔حکومت اور شوگر ملز مالکان کے درمیان یہ معاملات طے پائے تھے کہ شوگر ملز سے 165 روپے ، ہول سیل میں 169 روپے اور پرچون میں 173 روپے فی کلو چینی فروخت کی جائے گی، تاہم تاحال ہول سیل مارکیٹ میں 169 روپے فی کلو کے نرخ پر چینی دستیاب نہیں ہو سکی، جس سے پرچون مارکیٹ میں بھی فروخت معمول پر نہیں آ سکی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں