ڈمپر مافیا شہریوں کو کچل رہا ، سندھ حکومت ناکام : حافظ نعیم
لاہور(نیوزایجنسیاں)امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ کراچی میں ڈمپر، ٹرالر اور ٹینکر مافیا شہریوں کو کچل رہا ہے، پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت تمام تر اختیارات و وسائل کے باوجود مکمل ناکام ہوچکی ہے، یہ ٹریفک مینجمنٹ کی اہلیت بھی نہیں رکھتی۔
کراچی میں بہن بھائی کو کچلنے والے ڈرائیور کے پاس ایچ ٹی وی ڈرائیونگ لائسنس نہ ہونے کی خبر پر سوشل میڈیا پر ردعمل دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بجائے اس کے کہ سندھ حکومت ڈمپر مافیا اور اس کے سرغنوں کے لسانیت زدہ، زہریلے بیانات اور ہرزہ سرائیوں پر کارروائی کرے ، بے گناہ نوجوانوں کو گرفتار اور ان پر مقدمات بنائے جارہے ہیں جو شرم ناک ہے ۔ کراچی کے ساتھ سندھ حکومت کا یہ سلوک ناقابل برداشت ہوتا جارہاہے۔ ڈمپر حادثے کے بعد گرفتار کیے گئے بے قصور نوجوانوں کو فوری رہا کیا جائے۔ دریں اثناحافظ نعیم الرحمن یوم آزادی کے موقع پر لاہور ایکسپو میں میرا برانڈ پاکستان نمائش کا افتتاح کرینگے۔