ایک ماہ میں کرنٹ لگنے سے 11اموات، نیپرا کمپنیوں پر برہم

ایک ماہ میں کرنٹ لگنے سے 11اموات، نیپرا کمپنیوں پر برہم

اسلام آباد (نامہ نگار) نیپرا نے ڈسکوز کے جولائی کے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ پر سماعت مکمل کر لی۔ اتھارٹی ڈیٹا کی جانچ پڑتال کے بعد تفصیلی فیصلہ جاری کرے گی، سی پی پی اے نے 1روپیہ 69پیسے کمی کی درخواست کی تھی۔

سماعت ممبر سندھ رفیق شیخ کی سربراہی میںہوئی، چیئرمین وسیم مختیار آن لائن شریک ہوئے ۔ سی پی پی اے حکام نے بتایا درخواست  منظوری سے صارفین کو 23ارب روپے ریلیف ملے گا۔ پاور ڈویژن حکام نے بتایا کابینہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے یکساں اطلاق کی منظوری دے چکی۔ فیصلہ آنا باقی ہے ، اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر بھی  ہوگا۔ دوران سماعت جولائی میں بارشوں سے کرنٹ لگنے کے واقعات پر نیپرا نے سخت اظہار برہمی کیا۔ ممبرنیپرا نے کہا 11 لوگ جاں بحق ہوئے ، صرف آئیسکو میں 6 لوگ جان سے گئے ۔ کہاں ہیں سی ای او آئیسکو جواب دیا جائے ۔ کہاں ہیں حفاظتی اقدامات؟ اتھارٹی کمپنیوں کو زیادہ سے زیادہ جرمانے کر سکتی ہے ، اتھارٹی کے جرمانوں پر عدالتوں سے سٹے لے لیے جاتے ہیں۔ صنعتی صارفین نے کہا پٹرولیم لیوی کی مد میں جو صارفین کو 1 روپیہ 71 پیسے ریلیف ملتا تھا واپس کیا جائے ۔ اوگرا کا بطور ریگولیٹر کردار مایوس کن ہے ، صارفین کی نہیں سنتا۔ پاور ڈویژن حکام نے بتایا کیپٹیو پاور پر سبسڈی کا معاملہ کابینہ میں زیر التوا ہے ۔ ریلیف جاری رہے گا یا نہیں، پاور ڈویژن جواب دینے سے گریزاں۔ ممبر نیپرا نے کہا جولائی میں سالانہ بنیاد پر بجلی کی پیداوار 5 فیصد کم ماہانہ بنیاد پر 3فیصد بڑھی۔ نیلم جہلم پلانٹ، پنجاب تھرمل گدو پاور پلانٹ بند ہیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں