اسرائیل بے لگام، عرب ممالک کو جاگنا ہوگا : اعزاز چودھری
لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)سابق سیکرٹری خارجہ اعزاز چودھری نے کہا ہے کہ اسرائیل کی قوت بے لگام ہو چکی ہے ،کوئی اس کو روک نہیں سکتا،اسکی بڑی وجہ امریکا کی پشت پناہی ہے ،اس معاملے پر امریکی حکومت بھی مجبور ہے ، کیونکہ یہودی لابی نے امریکی حکومت کو جکڑ رکھا ہے۔
عرب ممالک کو جاگنا ہوگا۔دنیا نیوز کے پروگرام دنیا مہربخاری کے ساتھ میں گفتگو کرتے انہوں نے کہا اس وقت اسرائیل کا ہاتھ کوئی روکنے والا نہیں ،پہلے عرب ممالک یہ سمجھتے تھے کہ اسرائیل اور ایران لڑ کر ایک دوسرے کو کمزور کرتے رہیں گے ہمارے لئے مشکلات نہیں ہونگی،اب عر ب ممالک کو اسرائیلی بربریت کا اندازہ ہوجانا چاہیے کہ اسرائیل عرب ممالک کے اندر آکربمباری کررہا ہے ،اب یہ واقعہ قطر میں ہوا ہے یہ کسی عرب ملک میں بھی ہوسکتا ہے ،قطرپر اسرائیلی طیاروں کی بمباری عرب ممالک کیلئے لمحہ فکریہ ہے ،عرب ممالک کو سوچنا چاہئے کہ بے لگام اسرائیل کو کیسے قابو کرنا ہے ، اس وقت شارٹ ٹرم کا کوئی آپشن نہیں،جب انکے پاس وقت تھا توانہوں نے ایکسرسائز نہیں کی،عرب ممالک نے نہ ڈپلومیٹک بائیکاٹ کیااور نہ ہی اسرائیلی مصنوعا ت کا بائیکاٹ کیا،ممکن ہے عرب ممالک یہ سوچ رہے ہوں کہ امریکی چھتری میں محفوظ نہیں،کوئی دوسرا آپشن اختیار کرنا چاہیے ،ممکن ہے عرب ممالک کا جھکا ؤ روس اور چین کی طرف ہو جائے ،طاقت کے نشے میں دھت اسرائیل کی پوری کوشش ہے کہ غزہ پر بمباری کرکے غزہ کے تمام لوگ ماردے ،اس پر قبضہ کرلے ،نیتن یاہو نے دو دن پہلے غزہ کو خالی کرنے کا حکم دیا تھا، قطر میں ایسی ہمت نہیں ہے کہ وہ اسرائیل کو جواب دے ،قطر کچھ بھی نہیں کرسکتا،اب وقت ہے کہ عرب ممالک جاگیں، اسرائیل گریٹر کا نقشہ لے کرگھوم رہا ہے ، اس میں کئی ممالک شامل ہیں، یہاں تک سعودی عرب کے علاقے بھی اسکا حصہ ہیں،اگر عرب ممالک نے ملکر کوئی قدم نہ اٹھایاتویہ معاملہ جاری رہے گا،عرب ممالک مذمت کررہے ہیں، اس سے کام نہیں بنے گا،کسی قسم کا ری ایکشن کرنا پڑے گا،اسرائیل نے قطر پر جو حملہ کیا اس میں امریکی حمایت حاصل تھی،یہاں تک امریکی جہازوں کی طرف سے اسرائیلی طیاروں کی ائیر فیولنگ ہوئی۔