بھارت دوبارہ حملہ کرسکتا،چوکنا رہناہوگا :خواجہ آصف

بھارت دوبارہ حملہ کرسکتا،چوکنا رہناہوگا :خواجہ آصف

سیالکوٹ (نمائندہ دنیا ،مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کا دفاعی معاہدہ معرکہ حق کی فتح کے مرہون منت ہے ،معاہدے کے بعد سعودی عرب میں ہماری افواج کی تعداد میں اضافہ ہوگا۔

 اس معاہدے کے ثمرات سے پاکستان معاشی طور بھی مستحکم ہوگا۔بھارت کے پاکستان پر دوبارہ حملے کے امکان کو رد نہیں کرسکتے ،ہمیں بہت چوکنا رہناہوگا ،ہم احتیاط کادامن ہاتھ سے نہیں چھوڑ سکتے کیونکہ بھارت بہت مایوسی کی حالت میں ہے ۔وزیردفاع نے ایک ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے بھارت کی سکیورٹی اسٹیبلشمنٹ کی جانب سے دئیے جانے والے حالیہ بیانات کے متعلق کہا کہ اس کی وجہ بھارت کی اندرونی سیاست ہے ،اس وقت مودی حکومت پر پریشر بہت ہے ،انڈیا میں سوشل میڈیا سے لے کر پارلیمنٹ تک، حکومت پر تنقید تھمنے کا نام نہیں لے رہی اور الیکشن بھی زیادہ دور نہیں ہیں۔ایک اور وجہ یہ ہے کہ انڈیا ناصرف خطے میں بلکہ عالمی سطح پر تنہا ہو رہا ہے۔

اس کی وجہ پاکستان سے جنگ تو بنی ہے مگر اس کے بعد خطے میں پاکستان کا کردار بڑھا ہے اور مختلف ممالک اور پلیٹ فارمز پر ہمیں پذیرائی مل رہی ہے ۔خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستانی فوج کی صلاحیت ثابت ہو چکی ہے اور انڈیا کچھ بھی کرنے سے قبل سوچے گا ضرور کہ کہیں مزید نقصان نہ اٹھا بیٹھیں تاہم انسان ہو یا حیوان زخم خوردہ حالت میں اس سے کوئی بھی توقع کی جا سکتی ہے ۔سیالکوٹ میں اپنی رہائش گاہ پرڈائریکٹر سیالکوٹ ایئر پورٹ عبد الغفور ملک سے گفتگوکرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہاکہ پاکستان اور سعودی عرب کا دفاعی معاہدہ تاریخ ساز ہے ، اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کا تاریخ میں تاریک کردار ہے ، لوگ اسے ہٹلر سے ملا رہے ہیں۔ کوئی شک نہیں کہ صدر ٹرمپ چاہتے ہیں کہ غزہ تنازع کا کوئی حل نکلے ،ہماری کوشش ہے کہ کسی طرح سے یہ تباہی رک جائے اور بطور ضمانت مسلم ممالک آگے بڑھیں۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں