گورنر نے حلف لے لیا،سہیل آفریدی پختونخوا کے وزیراعلیٰ،منصب سنبھال لیا

گورنر  نے  حلف  لے   لیا،سہیل  آفریدی  پختونخوا  کے  وزیراعلیٰ،منصب  سنبھال  لیا

فیصل کریم کنڈی کی مبارکباد، سہیل آفریدی کی وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ آمد ،گارڈ آف آنر پیش ،کابینہ تشکیل پر مشاورت صنم جاوید کی گرفتاری پر آئی جی سے رپورٹ طلب ،سہیل آفریدی آج اڈیالہ عمران خان سے ملاقات کا امکان

 پشاور(سٹاف رپورٹر ،مانیٹرنگ ڈیسک) نومنتخب وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے حلف اٹھا لیا،تقریب حلف برداری گورنر ہاؤس پشاور میں ہوئی جہاں گورنر فیصل کریم کنڈی نے سہیل آفریدی سے حلف لیا اورانہوں نے منصب سنبھالتے ہی سب سے پہلا ایکشن لیتے ہوئے صنم جاوید کی گرفتاری کا نوٹس لیااور آئی جی کو طلب کرلیا۔سپیکر صوبائی اسمبلی ، ڈپٹی سپیکر ،سابق گورنر شاہ فرمان، ارکان پارلیمنٹ ، صدرپی ٹی آئی خیبر پختونخوا جنید اکبر، جنرل سیکرٹری پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا شہاب شاہ، آئی جی پولیس ذوالفقار حمید اور کمشنرپشاور سمیت صوبائی محکموں کے سربراہوں ، سیاسی و سماجی شخصیات نے تقریب میں شرکت کی۔ گورنرفیصل کریم کنڈی نے خیبر پختونخوا کے 30ویں وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباددی ۔ پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی عمران خان نے کابینہ منتخب کرنے کا مکمل اختیار سہیل آفریدی کو دے دیا ہے ، سہیل آفریدی منتخب نمائندوں یا ٹکٹ ہولڈرز میں سے کابینہ تشکیل دیں گے ،اس حوالے سے بانی کی ہدایات ان تک پہنچا دی گئی ہیں ،سہیل آفریدی نے مرکزی قیادت کے ساتھ کابینہ تشکیل پر مشاورت کی ہے ، جسکے بعد کچھ وزرا کو تبدیل نہ کئے جانے کے بھی امکانات ہیں،صوبائی مشیر خزانہ مزمل اسلم اپنی ذمہ داریاں نبھاتے رہیں گے ۔

سہیل آفریدی حلف برداری کے بعد وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ پہنچے ،جہاں پولیس نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ سیکرٹریٹ کے حکام نے وزیر اعلی ٰکو دفتری امور پر بریفنگ دی اورانہوں نے باقاعدہ منصب سنبھال لیا ۔ سہیل آفریدی نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ عوامی جگہ اور پورے صوبے کا چہرہ ہے ، سیکرٹریٹ آنے والے لوگوں کے ساتھ ہمیشہ اچھا برتا ؤکیا جائے ، وقت کی پابندی کا خاص خیال رکھا جائے ۔وزیراعلیٰ نے عہدہ سنبھالنے کے بعد پہلاایکشن لیتے ہوئے پی ٹی آئی کارکن صنم جاوید کی گرفتاری کا نوٹس لیا،جس پرانہوں نے انسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختونخوا کو اپنے دفتر طلب کیا اورانہیں آج تفصیلی رپورٹ جمع کرانے کا حکم دے دیا۔ وزیر اعلیٰ نے بانی چیئرمین عمران خان سے ملاقات کے لئے آج اڈیالہ جیل جانے کا فیصلہ کیا ہے ، اس سلسلے میں محکمہ داخلہ خیبر پختونخوا نے وفاقی سیکرٹری داخلہ اور سیکرٹری داخلہ پنجاب کو مراسلہ ارسال کیا ہے کہ وزیر اعلیٰ کی عمران خان سے ملاقات کیلئے ضروری انتظامات کئے جائیں ۔سہیل آفریدی کا تعلق ضلع خیبر سے ہے وہ 2024 کے عام انتخابات میں پی کے 70 ضلع خیبر سے رکن اسمبلی خِیبر پختون خوا منتخب ہوئے تھے ۔سہیل آفریدی کافی عرصے تک انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن خیبر پختونخوا کے صدربھی رہے ۔ بعد میں وہ پی ٹی آئی کی مرکزی ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن بنے ۔ موجودہ حکومت میں سہیل آفریدی کو پہلے وزیرِ اعلیٰ کا معاون خصوصی برائے کمیونیکیشن اینڈ ورکس تعینات کیا گیا۔بعدازاں کابینہ میں رد و بدل کے دوران انہیں وزیر ہائر ایجوکیشن بنایا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں