سگریٹ نوشی والے بھی ٹیکس دیتے کمپنی تو صرف انکم ٹیکس دے رہی:جسٹس مندوخیل

سگریٹ  نوشی  والے  بھی  ٹیکس  دیتے  کمپنی  تو  صرف  انکم  ٹیکس  دے  رہی:جسٹس  مندوخیل

ہم آئینی بینچ، کیسے آئینی سوال اگنورکرسکتے ،سینیٹ میں ٹیکنوکریٹ زیادہ، بہتر مشورے مل سکتے ہیں:سپرٹیکس میں ریمارکس آپ کی کمپنی کو داد دینی پڑے گی،اتنے کم منافع میں تین سو ملین کما رہے ہیں:جسٹس حسن رضوی کاوکیل سے مکالمہ

اسلام آباد(کورٹ رپورٹر)سپریم کورٹ آئینی بینچ میں زیر سماعت سپر ٹیکس سے متعلق کیس میں درخواست گزاران  کے وکیل اعجاز احمد نے اپنے دلائل مکمل کرلیے ، جسٹس حسن اظہر رضوی نے وکیل سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا ویسے آپ کی کمپنی کو داد دینی پڑے گی،اتنے کم منافع میں تین سو ملین روپے کما رہے ہیں، داد تو بنتی ہے ،جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے پانچ رکنی آئینی بینچ نے سپر ٹیکس سے متعلق کیس کی سماعت کی۔ درخواست گزران کے وکیل اعجاز احمد زاہد نے دلائل دیتے ہوئے موقف اختیار کیا کہ ایف بی آر میں کل دس ٹوبیکو کمپنیاں رجسٹرڈ ہیں، ایف بی آر کے وکلاء نے اپنے دلائل کے دوران ایک ٹیبل پیش کیا اور اپنا موقف تبدیل کر لیا، ایک سگریٹ کی ڈبی جو 173 روپے کی ہے اس پر 44 روپے ٹیکس ہے ، ٹوبیکو کی قیمت پاکستان ٹوبیکو کمپنی کنٹرول کرتی ہے ، ایک سگریٹ کا پیکٹ جس کی قیمت 77 روپے ہے اس پر 44 روپے ٹیکس ہے اور 33 روپے بچت ہے ، موجودہ قانونی رجیم کے ہوتے ہوئے ونڈ فال لینا میرے لیے ممکن نہیں،جسٹس جمال مندو خیل نے ریمارکس دیئے آپ سارا ٹیکس خود نہیں دے رہے جو سگریٹ نوشی کرتے ہیں وہ بھی دے رہے ہیں، آپ صرف انکم ٹیکس دے رہے ہیں، آپ کے پروڈکٹ کو استعمال کرنے والے مخصوص لوگ ہیں جو اچانک نہیں بڑھتے ۔ جسٹس محمد علی مظہر نے ریمارکس دیئے ہم مقدمے کے حقائق میں نہیں جائیں گے ، آپ قانونی سوالات پر دلائل دیں۔ وکیل اعجاز احمد زاہد نے موقف اپنایا اگر قیمت میں اضافہ ہو گا تو ٹیکس بھی بڑھے گا۔ جسٹس جمال مندو خیل نے ریمارکس دیئے آپ نے ٹیکس دینا ہے وہ آپکے منافع سے ہی ہو گا۔ وکیل نے کہا جو ہمارے سامنے پیش کیا جا رہا ہے وہ اصل بجٹ نہیں ہے ،جسٹس جمال مندو خیل نے ریمارکس دیئے 26ویں ترمیم کے بعد آئینی بینچ ہیں، ہم نے تمام آئینی مقدمات دیکھنے ہیں، ہم کیسے آئینی سوال کو اگنور کر سکتے ہیں؟ اٹھارویں ترمیم کے بعد سینیٹ میں نسبتاً زیادہ ٹیکنوکریٹ ہیں، اس لیے وہاں سے بہتر مشورے مل سکتے ہیں۔ بعد ازاں درخواست گزاران کے وکیل کے دلائل مکمل ہونے پر مزید سماعت پیر تک ملتوی کر دی گئی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں