طورخم بارڈر سے مزید5220افغان مہاجرین کی واپسی
راولپنڈی میں کریک ڈاؤن،216افغانی تحویل میں لے کرہولڈنگ سنٹرمنتقل
اسلام آباد،راولپنڈی (دنیا نیوز،خبر نگار)طورخم بارڈر کے راستے سے گزشتہ روز 5220افغان مہاجرین وطن واپس چلے گئے ۔رپورٹ کے مطابق پاک افغان طورخم بارڈر سے 401 قانونی اور 2314 غیر قانونی افراد کی وطن واپسی ہوئی ہے ، اب تک کل 8 لاکھ 28 ہزار سے زائد افغان شہری واپس جا چکے ہیں۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے 19، پنجاب سے 450 افغان شہری گزشتہ روز واپس بھیجے گئے ، اب تک دیگر صوبوں سے 25 ہزار 392 افغان باشندے واپس جا چکے ہیں، راولپنڈی میں گزشتہ پانچ روز کے دوران غیر قانونی مقیم افغانیوں اور دیگر غیر ملکیوں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران افغان باشندوں کو مکان کرایہ پر دینے والے 18 مالکان گرفتار،216 افغانیوں کو تحویل میں لیکر ہولڈنگ سنٹر منتقل کر دیا گیا،انتظامیہ نے تمام شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے ارد گرد نظر رکھیں، غیر قانونی مقیم غیر ملکی افراد کی اطلاع پولیس کو فراہم کریں، آپ کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔