صدرزرداری کی امیر قطر سے ملاقات دفاعی تعاون بڑھانے کی پیشکش

صدرزرداری کی امیر قطر سے ملاقات    دفاعی تعاون بڑھانے کی پیشکش

اسلام آباد،دوحہ(سٹاف رپورٹر،مانیٹرنگ ڈیسک)صدر مملکت آصف علی زرداری نے گزشتہ روز دوحہ میں قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد الثانی سے ملاقات کی اورانہیں پاکستان اور قطر کے درمیان دفاع اور دفاعی پیداوار کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی پیشکش کی ۔

صدر زرداری نے امیرِ قطر کو پاکستان آنے کی دعوت بھی دی جسے قبول کرتے ہوئے قطر کے امیر نے آئندہ سال کے آغاز میں پاکستان کے دورے کا اعلان کردیا۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق امیر قطر نے صدر مملکت کا خیر مقدم کرتے ہوئے ان کی دوحہ آمد پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ قطر کو پاکستان اور اس کی کامیابیوں پر فخر ہے ، امیرِ قطر نے پاکستانی کمیونٹی کے کردار کی تعریف کی اور ان کی تعداد میں خاطر خواہ اضافہ کرنے کی خواہش کا اظہار کیا۔ صدر زرداری کی دفاعی تعاون بڑھانے کی پیشکش پر قطر کے امیر نے مثبت ردعمل ظاہرکرتے ہوئے کہا کہ وہ متعلقہ حکام کو پاکستان کے ساتھ فوری طور پر بات چیت شروع کرنے کی ہدایت کریں گے ۔

امیرِ قطر نے پاکستان اور سعودی عرب کے حالیہ دفاعی معاہدے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک خوش آئند اور بروقت اقدام ہے جو پہلے لیا جانا چاہئے تھا۔ان کا کہناتھاکہ پاکستان چین، مغربی اور خلیجی ریاستوں کے ساتھ بیک وقت سٹر ٹیجک تعلقات برقرار رکھنے والے ملک کے طور پر ایک منفرد مقام رکھتا ہے ۔امیرِ قطر نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اور افغانستان موجودہ مسائل حل کرکے حالیہ چیلنجز کو پسِ پشت ڈال دیں گے ۔صدر زرداری نے زراعت اورتحفظِ خوراک کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی تجویز بھی دی۔دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور قطر کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات کا اعادہ کیا۔

صدر زرداری نے مذاکرات اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر سفارت کاری کے مرکز کے طور پر قطر کے بڑھتے ہوئے عالمی کردار کی تعریف کی اور غزہ کے لوگوں کیلئے جنگ بندی اور انسانی امداد کی حمایت کرنے پر قطر کے امیر کو خراج تحسین پیش کیا۔ دونوں رہنماؤں نے سیاسی، اقتصادی اور ثقافتی شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور قطر میں پاکستان کے سفیر بھی موجود تھے ۔قبل ازیں صدرآصف علی زرداری نے قطر کے وزیر اعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمٰن بن جاسم الثانی سے دوحہ میں ملاقات کی، عالمی سماجی ترقیاتی کانفرنس کے موقع پر ہونے والی ملاقات میں دوطرفہ تعلقات ، تجارت کے فروغ اور سرمایہ کاری کے مواقع بڑھانے سے متعلق تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

قطر کے وزیراعظم نے پاکستان اور اس کی مسلح افواج کی جرات اور بہادری کو سراہا اور کہا کہ پاکستان نے حالیہ پاک بھارت تنازع میں جس دلیری کا مظاہرہ کیا وہ قابلِ فخر ہے ، انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ افغانستان میں جاری اقدامات سے خطے میں پائیدار امن و استحکام قائم ہو گا۔اس موقع پر صدر مملکت سے قطر کے نائب وزیر اعظم و وزیر دفاع شیخ سعود بن عبدالرحمن بن حسن بن علی آل ثانی نے بھی ملاقات کی اور دو طرفہ تعلقات، دفاعی تعاون اور علاقائی سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ قطر کے نائب وزیراعظم نے پاکستانی افواج کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا اور مشترکہ دفاعی پیداوار اور تعاون پر مبنی منصوبوں میں قطر کی دلچسپی ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ قطر مستقبل میں ان منصوبوں کو وسعت دینے کیلئے پرعزم ہے ۔ دریں اثناصدرِ آصف زرداری نے چین کے نائب صدر ہان ژنگ سے ملاقات کی، ملاقات دوحہ میں جاری سماجی ترقی سے متعلق دوسری عالمی کانفرنس کے موقع پر ہوئی۔آصف زرداری نے کہا کہ پاکستان اور چین آہنی بھائی اور ہر موسم کے سٹر ٹیجک شراکت دار ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں