ایمرجنسی سروس ایکٹ ،وزیر کونسل کے وائس چیئرمین ہونگے

ایمرجنسی سروس ایکٹ ،وزیر کونسل کے وائس چیئرمین ہونگے

فاریسٹ ایکٹ ،جنگلات کی کٹائی، غیر قانونی شکار پر سزا7 سال کر دی جائیگی پانچ لاکھ سے پچاس لاکھ تک جرمانہ بھی عائد ہوگا،پروٹیکشن سینٹرز قائم ہونگے

لاہور (سیاسی نمائندہ)پنجاب میں ایمرجنسی سروسز کے نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے قانون سازی کا عمل شروع ہوگیا۔ پنجاب اسمبلی میں پنجاب ایمرجنسی سروس (ترمیمی) ایکٹ 2025 پیش کر دیا گیا، جس کے ذریعے پنجاب ایمرجنسی سروس ایکٹ 2006 میں ترمیم تجویز کی گئی ہے ۔ترمیم کے تحت پنجاب ایمرجنسی کونسل کے وائس چیئرمین کے محکمے میں تبدیلی کی جائے گی۔ بل کے مطابق آئندہ وزیر قانون کی جگہ وزیر ایمرجنسی سروسز کونسل کے وائس چیئرمین ہوں گے ۔ بل کی حتمی منظوری گورنر پنجاب دیں گے ۔حکومت پنجاب نے جنگلات کے تحفظ اور ٹمبر مافیا کے خلاف فیصلہ کن اقدام اٹھاتے ہوئے فاریسٹ ایکٹ 1927 میں اہم ترامیم پیش کر دیں۔ پنجاب اسمبلی میں فاریسٹ ترمیمی ایکٹ 2025 پیش کیا گیا جس کے تحت جنگلات کو نقصان پہنچانے والوں کے لیے سخت سزائیں تجویز کی گئی ہیں۔ترمیمی بل کے مطابق جنگلات کی کٹائی، غیر قانونی شکار اور دیگر جرائم پر موجودہ چھ ماہ قید کی سزا بڑھا کر کم از کم پانچ سال اور زیادہ سے زیادہ سات سال کر دی جائے گی جبکہ پانچ لاکھ سے پچاس لاکھ روپے تک جرمانہ بھی عائد ہوگا۔بل کے تحت فاریسٹ پروٹیکشن سینٹرز قائم کیے جائیں گے جو ڈپٹی فاریسٹ آفیسر کی نگرانی میں کام کریں گے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں