گورنر ، وزیر اعلیٰ ہاؤس کی دوریاں کم،کابینہ میں اہم منظوریوں کا امکان
53نکاتی ایجنڈے میں قراردادیں،خواتین تحفظ قانون میں ترامیم شامل
پشاور (بیورو رپورٹ)گورنر ہاؤس اور وزیر اعلیٰ ہاؤس میں دوریاں کم ہونے لگی ہیں۔ گورنر خیبر پختونخوا کے لیے وی آئی پی گاڑیوں کی خریداری پر عائد پابندی ختم کرنے کی منظوری صوبائی کابینہ اجلاس کے ایجنڈے میں شامل کر لی گئی ۔ 14 نومبر کو ہونے والے اجلاس میں گورنر کے لیے وی آئی پی گاڑیوں کی خریداری کی منظوری دی جائے گی۔اجلاس کے ایجنڈے میں پشاور ہائی کورٹ کے ایک بینچ کے لیے بلٹ پروف گاڑی، ڈسٹرکٹ سیشن ججز کے لیے 25سرکاری گاڑیوں کی تبدیلی، تیراہ اور شمالی وزیرستان کے متاثرین کے لیے خصوصی فنڈز کے اجرا کی منظوری بھی شامل ہے ۔خیبر پختونخوا کابینہ کا 40واں اجلاس کل جمعہ کی صبح 10 بجے کیبنٹ روم میں وزیر اعلیٰ سہیل آفریدی کی زیر صدارت ہوگا۔
اجلاس کے لیے 10 وزرا، ایک معاون خصوصی اور دو مشیروں کو دعوت دی گئی ۔ کابینہ اجلاس کا 53 نکاتی ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے جس میں قراردادیں، فاٹا ملازمین گرانٹ،خواتین تحفظ قانون میں ترامیم شامل ہیں ،علی امین گنڈاپور کے دور میں گورنر کے لیے گاڑیوں کی خریداری پر پابندی لگائی گئی تھی جو اب ختم کی جا رہی ہے ۔ قرارداد نمبر 219 میں وفاقی حکومت پر بانی پی ٹی آئی کو جیل میں تمام تر سہولیات کی فراہمی کے لئے زور دینا ، اور قراداد نمبر 214 میں وزیر اعلٰی خیبر پختونخوا سے بانی کی جیل میں ملاقات کرانے پر وفاقی حکومت کو زور دینا شامل ہیں ۔