برداشت کے اصول اسلام کی اعلیٰ تعلیمات میں پیوست : صدر
اللہ سب کو برداشت، شفقت ،انسانیت کے رشتے مضبوط بنانے کی توفیق دے ، پیغام برداشت قوموں کو مضبوط ،لوگوں کے درمیان پل تعمیر کرنے کا ذریعہ ، بلاول بھٹو
اسلام آباد ( سٹاف رپورٹر ) صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے یومِ برداشت کے موقع پر اپنے پیغام میں زور دیا کہ پاکستان میں امن، رواداری، ہم آہنگی اور بین المذاہب احترام کو فروغ دینا ہر شہری کی اجتماعی ذمہ داری ہے ۔ صدر زرداری نے کہا کہ برداشت کے اصول اسلام کی اعلیٰ تعلیمات میں پیوست ہیں، جو انسانیت کے لیے رحم، عدل اور احترام کا درس دیتی ہیں ،صدر زرداری کے مطابق اس کا مقصد اقلیتوں کے آئینی و قانونی حقوق کا تحفظ، بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ اور قوانین پر مؤثر عملدرآمد یقینی بنانا ہے ۔
صدر زرداری نے نوجوان نسل، علمائے کرام، اقلیتی رہنماؤں اور میڈیا سے اپیل کی کہ وہ عوام کو محبت، برداشت، بھائی چارے اور اتحاد کے جذبے سے آگاہ کریں تاکہ پاکستان ایک محفوظ، پْرامن اور خوشحال وطن بن سکے ۔ آخر میں صدر نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ سب کو برداشت، شفقت اور انسانیت کے رشتے مضبوط بنانے کی توفیق عطا فرمائے ، چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ عالمی یومِ رواداری اس بات کی یاد دہانی ہے کہ احترام، ہم آہنگی اور پرامن بقائے باہمی جیسے ان اقدار کی حفاظت کی جائے ، پی پی پی چیئرمین نے تحمل وبرداشت کے عالمی دن پر جاری بیان میں کہا کہ عدم برداشت، نفرت اور تعصب کسی بھی معاشرے کی بنیادوں کو کمزور کرتے ہیں، جبکہ برداشت قوموں کو مضبوط اور لوگوں کے درمیان پل تعمیر کرتی ہے ۔