اگر ہم مسلسل دو دن بیٹنگ کریں تو جیت سکتے ہیں:عمر گل
ذہنی طور پر ہدف حاصل کرنے کیلئے تیار ، کوشش بھی کرینگے ،قومی بولنگ کوچ
سلہٹ (سپورٹس ڈیسک)پاکستان کرکٹ ٹیم کے بولنگ کوچ عمر گل نے کہا ہے کہ اگر ہم دو دن مسلسل بیٹنگ کریں تو ہمارے پاس موقع ہے کہ میچ جیت سکتے ہیں۔سلہٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمر گل کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس دو دن موجود ہیں، امکان ہے کہ بارش بھی ہوجائے ، میچ میں ابھی کافی وقت ہے ۔پاکستانی بولنگ کوچ کا کہان تھا کہ اتنا کم وقت نہیں کہ میچ ڈرا ہوسکے ، دونوں ٹیموں کے پاس میچ جیتنے کا موقع ہے ۔ان کا کہنا تھا کہ ہم ذہنی طور پر ہدف حاصل کرنے کے لیے تیار ہیں اور کوشش بھی کریں گے۔
437 رنز کا ہدف حاصل کرنے کے لیے دو سے تین اچھی پارٹنرشپ لگنی چاہئیں۔ کرکٹ میں ہر چیز ممکن ہوسکتی ہے ۔عمر گل نے کہا کہ پہلے دن پچ بولرز کے لیے سازگار تھی، نمی تھی اور سوئنگ بھی تھا جبکہ دوسرے اور تیسرے روز بیٹرز کو کافی مدد ملی، پچ بیٹرز کے لیے بہترین تھی۔انہوں نے یہ بھی کہا کہ بنگلا دیش کے بیٹرز نے بہت اچھا کھیلا ہے ہمارے بولرز بدقسمت رہے ۔ ہم نے ریویو کی سہولت کو ٹھیک طریقے سے استعمال نہیں کیا۔ بولرز کی سپیڈ کے متعلق عمر گل کا کہنا تھا کہ پی ایس ایل میں بولرز کی سپیڈ ٹھیک تھی، تاہم ریڈ بال میں بولرز کی سپیڈ نیچے آجاتی ہے ۔ بدقسمتی سے ہم زیادہ ٹیسٹ میچز نہیں کھیلتے جس کی وجہ سے بولرز کا ردھم نہیں بنتا۔