ماحولیاتی آلودگی : رات کو ریسٹورنٹس کی انسپکشن کا حکم
ڈی جی ماحولیات کو کہیں دو ہفتے سڑکوں پر نظر آئیں:جسٹس شاہد کریم، ریمارکس
لاہور(کورٹ رپورٹر )لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شاہد کریم نے سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کے تدارک کیخلاف درخواستوں پرسماعت کرتے ہوئے رات کو ریسٹورنٹس کی انسپکشن کا حکم دیدیا ،عدالت نے پودے لگانے کیلئے ایل ڈی اے کو فنڈز فراہم کرنے کا حکم دیدیا،عدالت نے آئندہ سماعت پر احکامات پر عملدرآمد کی رپورٹس طلب کرلیں ، عدالت نے ریمارکس میں کہا ہے کہ ریسٹورنٹس کے رات گئے تک کھلے رہنے کی شکایات ہیں، ڈی جی ماحولیات افسروں کو متحرک کریں ،گھروں میں لگے درختوں کو بھی نہیں کاٹنا چاہیے ،عدالت نے ریمارکس دئیے کہ بہاولپور کی طرف سے آنیوالی گاڑیوں کے دھوئیں کو روکنے پر کام ہونا چاہیے ،سڑکوں پر ابھی بھی دھواں دینے والی گاڑیاں نظر آتی ہیں ،سڑکوں پر محکمہ ماحولیات کے افسر کھڑے ہوں تو یہ کم ہوسکتی ہیں، ڈی جی ماحولیات کو کہیں کہ وہ دو ہفتے سڑکوں پر نظر آئیں، کراچی جانیوالی ٹریفک کا دھواں لاہور کی طرف آتا ہے ،لاہور میں تعمیرات ابھی بھی جاری ہیں ،ایل ڈی اے ، واسا ان پراجیکٹس کو کیوں مکمل نہیں کر رہے ۔ محکمہ ماحولیات کی رپورٹ میں موقف اپنایا گیا کہ اب گاڑیاں محکمہ ماحولیات کے سرٹیفکیٹ کے بغیر رجسٹرڈ نہیں ہوں گی۔ ممبر کمیشن نے موقف اپنایا کہ واسا نے 15 سکیمیں مکمل کرکے ایل ڈی اے کے حوالے کردیں، 27 سائٹس پر ابھی کام جاری ہے ، ریچارج واٹر ویلز واسا نے نصب کرنے شروع کردئیے ہیں۔