عوامی خدمت میں غلطی کی گنجائش نہیں :مریم نواز
ستھرا پنجاب میں بوگس کام پر کنٹریکٹرز کو ادائیگی معطل ہوگی مین ہول میں گر نے سے ہلاکتوں پرڈپٹی کمشنرز کی سرزنش
لاہور(سٹاف رپورٹر )وزیراعلی ٰپنجاب مریم نواز نے کہا ہے کہ پنجاب میں غیر معیاری کارکردگی اور کسی بھی قسم کی کوتاہی برتنے والوں کو کسی قسم کی رعایت نہیں ملے گی۔صوبے بھر میں گورننس اور صفائی کے انتظامات کی نگرانی مزید سخت کر دی۔گڈ گورننس دیگر صوبوں سے بہتر ، عوامی خدمت میں غلطی کی گنجائش نہیں ،صوبے کے ہر ضلع میں گورننس کے معیار کی مکمل نگرانی کے لئے خفیہ ٹیمیں بھیجی جائیں گی۔ مریم نواز نے بعض شہروں میں صفائی کی غیر تسلی بخش صورتحال پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ستھرا پنجاب کا جو کنٹریکٹر معیاری کام نہیں کرے گا اس کی ادائیگی فوری طور پر معطل ہوگی، صفائی کی صورتحال تسلی بخش نہ ہونے پر ستھرا پنجاب کنٹریکٹ دوبارہ کرنے پر غور ہوگا۔مریم نواز نے آوارہ کتوں کے کاٹنے اور مین ہول میں گر کر ہونے والی ہلاکتوں کے واقعات روکنے میں ناکامی پر متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کی سخت سرزنش کی، بعض اضلاع کے چند سرکاری ہسپتالوں میں پوری طرح فری میڈیسن نہ ملنے کا بھی سخت نوٹس لیا گیا ہے ۔پنجاب میں تجاوزات کے مستقل خاتمے کیلئے اب سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے 24/7 مانیٹرنگ ہوگی، جس سے پنجاب میں غیر قانونی قبضے اور غیرقانونی تعمیرات لمحوں میں ڈیجیٹل ریکارڈ پر آئیں گی۔پنجاب میں آمدورفت میں رکاوٹ پیدا کرنے والی ریڑھیاں فوری ہٹانے کا حکم دیا گیا ہے جبکہ مارکیٹ انتظامیہ سے تحریری طور پر یقینی دہانی لینے کی سخت ہدایت جاری کی گئی ۔وزیراعلی ٰنے سرکاری نرخ ناموں کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف فوری اور سخت کارروائی کے ساتھ گرفتاری یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی، اضلاع میں چلنے والی الیکٹرک بسوں کی حفاظت اور دیکھ بھال ضروری قرار دی ہے ۔
بازاروں میں لٹکتے ہوئے خطرناک بجلی کے تار فوری درست کرانے کا حکم دیا ہے اور اس حوالے سے متعلقہ بجلی کمپنی کو سخت ہدایات جاری کی ہیں۔مساجد کے وضو خانے کا پانی شجرکاری کے لئے استعمال کرنے کے لئے اقدامات اور پرائیویٹ ہا ئوسنگ سوسائٹیز میں صفائی، مین ہول ڈھکن اور سٹریٹ لائٹس یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے ۔سرکاری احکامات پر عملد رآمد یقینی نہ بنانے والی ہا ئوسنگ سوسائٹیز کو جرمانہ کرنے کی تجویز پر اتفاق کیا گیا ہے ، رات 10 بجے کے بعد شادیاں ختم اور ون ڈش کی پابندی یقینی بنانے کی ہدایت ہے ، مسلسل غیر معیاری کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے ضلعی سربراہان کو تبدیل کرنے کی وارننگ ہے ، 2 وارننگ کے بعد تیسری وارننگ پر متعلقہ ڈپٹی کمشنر کو ہٹا دیا جائے گا۔وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے کہا ہے کہ فنڈز دینے کے باوجود بہترین رزلٹ نہ آنا افسوسناک ہے ،انتظامیہ کو پورے اختیارات، فنانس اور اعتماد دیا، اب 100 فیصد رزلٹ چاہیے ۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب گڈ گورننس میں باقی صوبوں سے بہتر ہے لیکن میں مطمئن نہیں، معیار نیکسٹ لیول کا ہونا چاہیے ، کوڑے کے کنٹینر گند سے زیادہ گندے نظر آنا انتہائی افسوسناک ہے ،اپنے سیاسی لوگوں کو ناراض کر کے ڈپٹی کمشنرز کو اختیارات، فنانشل پاور اور سہولتیں دیں، 40 سے 50 ارب روپے کی مشینری اورڈیڑھ لاکھ فورس کے باوجود کوڑے کے ڈھیر نظر آنا ہرگز برداشت نہیں۔