ہمت ہے تو گورنر راج لگا کر دیکھیں، سہیل آفریدی

 ہمت ہے تو گورنر راج لگا کر دیکھیں، سہیل آفریدی

بند کمروں کی پالیسیاں خیبر پختونخوا میں نافذ کرنے والوں کو احساس کرنا چاہیے صوبے میں مجھے گورنر راج لگتا دکھائی نہیں دے رہا، گوہر ، میڈیا سے گفتگو

پشاور( نیوز ایجنسیاں ، مانیٹرنگ ڈیسک ) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ صوبے میں کسی اور راج کی ضرورت نہیں، اگر ہمت ہے تو گورنر راج لگا کر دیکھیں، ہم نہیں ڈرتے ۔پشاور میں صحافیوں سے گفتگو میں سہیل آفریدی نے کہا کہ بند کمروں کی پالیسیاں خیبر پختونخوا میں نافذ کرنے والوں کو احساس کرنا چاہیے ۔اس سے قبل ایک تقریب سے خطاب میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ وفاق کے ذمے ہمارے 3 ہزار ارب روپے سے زیادہ پیسے ہیں، ہمارے صوبے کے ساتھ امتیازی سلوک کیا جا رہا ہے ۔سہیل آفریدی نے کہا کہ خصوصی افراد کی فلاح و بہبود کیلئے آئندہ بھی مزید اقدامات کریں گے ، ضم اضلاع میں خصوصی افراد کیلئے بھی بسوں کا بندوبست کیا جا رہا ہے، خصوصی افراد کیلئے ہم بسیں اور ویل چیئرز دے رہے ہیں۔

انھوں نے کہا کہ ہمارے لیڈر شوکت خانم ہسپتال بنا رہے تھے تو پوری پاکستانی قوم نے اپنا حصہ ڈالا۔ ہم اپنے وسائل سے غریب لوگوں کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ 18 سال تک کے یتیم بچوں کو پیسے دیں گے ، احساس امید کارڈ کے تحت یتیم بچوں کو ماہانہ 5 ہزار روپے دیتے ہیں۔پی ٹی آئی کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے خیبر پختونخوا میں گورنر راج کا امکان مسترد کردیا۔پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ یہ سب چہ مگوئیاں ہیں، صوبہ گورنر راج کا متحمل نہیں ہوسکتا۔بیرسٹر گوہر نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں مجھے گورنر راج لگتا دکھائی نہیں دے رہا، کوشش کریں گے خیبر پختونخوا میں دہشتگردی کا خاتمہ ہو۔ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ آج منگل کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کرنے اڈیالہ جائیں گے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں