بھارتی وزیرخارجہ کابیان اشتعال انگیز،بے بنیاد:پاکستان
پاکستان ذمہ دار ریاست ،ادارے قومی سلامتی کے مضبوط ستون ، مسلح افواج کے بارے میں گمراہ کن بیانات کی بجائے بھارت کو چا ہئے اپنی فسطائی اور ہندوتوا سوچ کا جائزہ لے اشتعال انگیز بیانات پاکستان میں بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی سے توجہ ہٹانے کی کوشش ،ہم اپنے مفادات اور خودمختاری کے دفاع کے لئے متحد اور مضبوط ہیں :ترجمان دفتر خارجہ
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک ،نیوز ایجنسیاں)دفترخارجہ نے کہاہے کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست ہے اور اس کے تمام ادارے ، بشمول مسلح افواج، قومی سلامتی کے مضبوط ستون ہیں جو ملک کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کیلئے ہمیشہ پرعزم رہتے ہیں۔ مئی 2025 کے تنازع نے پاکستانی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ صلاحیت اور مادرِ وطن کے دفاع کے عزم کو واضح طور پر ثابت کیا، کوئی بھی پراپیگنڈا اس حقیقت کو جھٹلا نہیں سکتا۔ بھارتی وزیرِ خارجہ کے حالیہ بیان سے متعلق میڈیا کے سوالات کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ طاہر اندرابی نے کہا کہ پاکستان بھارتی وزیرِ خارجہ کے انتہائی اشتعال انگیز، بے بنیاد اور غیر ذمہ دارانہ بیان کو مسترد کرتا اور اس کی شدید مذمت کرتا ہے ۔
بھارتی قیادت کی جانب سے پاکستان کے ریاستی اداروں اور قیادت کو بدنام کرنے کی کوششیں ایک ایسے پراپیگنڈا مہم کا حصہ ہیں جس کا مقصد بھارت کے خطے میں عدم استحکام پھیلانے والے اقدامات اور پاکستان میں اس کی ریاستی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی سے توجہ ہٹانا ہے ، ایسے اشتعال انگیز بیانات بھارت کی علاقائی امن، استحکام اور ہم آہنگی سے لاتعلقی کو ظاہر کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی مسلح افواج کے بارے میں گمراہ کن بیانات دینے کی بجائے بھارت کو چا ہئے کہ وہ اپنی فسطائی اور ہندوتوا سوچ کا جائزہ لے ، جس نے پورے ملک میں ہجومی تشدد، ماورائے عدالت قتل، من مانے مقدمات، اور املاک و عبادت گاہوں کی مسماری کا بازار گرم کر رکھا ہے ۔ بھارتی ریاست اور اس کی قیادت دونوں مذہب کے نام پر پھیلائے جانے والی اس دہشت کے اسیر بن چکے ہیں،پاکستان پر امن بقائے باہمی، مکالمے اور سفارتکاری پر یقین رکھتا ہے ، تاہم پاکستان اپنے مفادات اور خودمختاری کے دفاع کیلئے متحد اور مضبوط ہے ۔واضح رہے کہ بھارتی وزیرِ خارجہ ایس جے شنکر نے پاکستانی ریاستی اداروں اورفیلڈ مارشل عاصم منیر کے متعلق بیان دیاتھا ۔