عوام نے پی ٹی آئی کا شرارتی ایجنڈا مسترد کردیا :امیر مقام
10 مئی کو افواج نے ثابت کیا کہ ہم آپ کے محافظ ہیں، پریس کانفرنس
اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار )وفاقی وزیر امور کشمیر انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ فوج کو بدنام کرنے کے لیے پی ٹی آئی کے لوگوں نے بہت محنت کی،9 مئی کو کور کمانڈر کا گھر جلایا گیا،10 مئی کو افواج پاکستان نے ثابت کیا کہ ہم آپ کے محافظ ہیں،ہماری فوج نہ ہو تو انڈیا ہمیں دو دن میں فارغ کر دے ، ہری پورانتخابات میں مسلم لیگ ن کی کامیابی اس بات کا ثبوت ہے کہ صوبے کے لوگ وہاں کی حکومت سے مایوس ہو چکے ہیں،بہت سے لوگ دوسری جماعتیں چھوڑ کر مسلم لیگ ن میں شامل ہو رہے ہیں،پشاور جلسہ میں عوام نے شرکت نہ کرکے شرارتی ایجنڈا مسترد کردیا، کشمیر کونسل میں پریس کانفرنس کے دوران امیر مقام نے نئے شامل ہونے والوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں خوش آمدید کہا، امیر مقام نے کہا کوہاٹ سے سابق صوبائی وزیر سید قلب حسن اور خوشدل خان ن لیگ میں شامل ہوئے جن کا ایک نام ہے ، ان کی شمولیت میں بہرامند تنگی کا کلیدی کردار ہے ، امیر مقام نے کہا خیبرپختونخوا حالت جنگ میں ہے اس پرسمجھو تا نہیں کر سکتے ،انڈیا اور افغانستان کی ترجمانی کے بجائے پاکستان کی ترجمانی کریں، خیبرپختونخوا کے وسائل سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کئے جا رہے ہیں ۔