ایئرپورٹ نام تبدیلی معاملہ ،حکومت کا رویہ افسوسناک:شازیہ مری
بے نظیر ا یئر پورٹ کی جگہ تبدیل ہوئی تو نام کیسے تبدیل ہو گیا؟ عبدالقادر پٹیل یہ غلطی یا کوتاہی نہیں ہم اسے سازش کہہ سکتے ہیں، ترجمان پی پی کی پریس کانفرنس
اسلام آباد(سٹاف رپورٹر)پاکستان پیپلز پارٹی کی تر جمان و رکن قومی اسمبلی شازیہ مری نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا یقین ہے کہ پارلیمنٹ ہی ملک کا اعلیٰ ترین ادارہ ہے جہاں عوام کے مسائل سنجیدگی سے اٹھائے جاتے ہیں۔قومی اسمبلی کے ایجنڈے میں شامل اسلام آ باد ا یئر پورٹ کے حوالے سے نام کی تبدیلی کے توجہ دلا ئو نوٹس پر حکومت کا رویہ انتہائی افسوسناک تھا ، ہم اسے سازش ہی کہہ سکتے ہیں یہ کوئی غلطی یا کوتاہی نہیں ،پارلیمنٹ ہائوس کے باہر ارکان اسمبلی عبدالقادر پٹیل ،آغا رفیع اللہ ، شہلا رضا اور اعجاز جاکھرانی کے ہمراہ ہنگامی پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی کے ایجنڈے میں شامل ایک اہم توجہ دلا نوٹس پر حکومت کا رویہ انتہائی افسوسناک تھا ، یہ ایک ایسا معاملہ تھا جس پر فوری توجہ کی ضرورت تھی لیکن مجھے لگتا ہے کہ حکومت اس نوٹس کے مواد سے ہی خوفزدہ تھی ،عبدالقادر پٹیل نے کہا کہ وقفہ سوالات کے دوران میرا سوال مکمل نہیں ہوا تھا کہ کیسے کسی ممبر کا مائیک کھول کر کورم کی اجازت دی گئی،مسلم لیگ( ن) کے رہنما جا کر لابی میں بیٹھ گئے ، یہ سازش کے تحت کیا گیا،شہید بے نظیر بھٹو ا یئر پورٹ کی جگہ تبدیل ہو گئی تو اسکا نام کیسے تبدیل ہو گیا؟کیا نادراآفس کی بلڈنگ تبدیل ہونے سے اسکا نام تبدیل ہو جائے گا؟کیا پارلیمنٹ کی بلڈنگ کی جگہ تبدیل ہو تو اسکا نام بھی تبدیل ہوگا؟ یہ چھوٹی سوچ کے لوگ ہیں، ہمیشہ چھوٹے ہی رہیں گے ، میٹنگ بلا کر آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کرینگے ۔