کسی جماعت پر پابندی کے حامی نہ کسی کو غدار سمجھتے :شرجیل میمن
علیمہ ہوں یا کوئی اور ہمارے لئے سب قابل احترام ،فریال بھی زرداری کی بہن تھیں پی ٹی آئی معاملات کو اس نہج تک نہ لے جائے جہاں سے واپسی ممکن نہ ہو، پریس کانفرنس
اسلام آباد (سٹاف رپورٹر )سندھ کے سینئر صوبائی وزیر اطلاعات، ٹرانسپورٹ اور ماس ٹرانز ٹ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پیپلزپارٹی کسی بھی جماعت پر پابندی کی حمایت نہیں کرتی اور نہ ہی کسی کو غدار سمجھتی ہے تاہم پی ٹی آئی کو بھی اپنی سیاست پر نظرثانی کرنا ہوگی۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی ماضی میں اسٹیبلشمنٹ کی مدد سے اقتدار میں آئے اور اعتراف کرچکے ہیں کہ انہیں بلوں کی منظوری کیلئے بھی اداروں سے مدد ملی تھی۔شرجیل میمن نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے تین سالہ دور اقتدار کے انٹرویوز ریکارڈ پر موجود ہیں، عدم اعتماد کے وقت یہ تاحیات ا یکسٹینشن دینے کو راضی اور اسٹیبلشمنٹ کے ترلے کررہے تھے ۔ سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ عمران خان کی سیاست ملک یا عوام کیلئے نہیں بلکہ صرف اپنے اور خاندان کو بچانے کیلئے ہے پی ٹی آئی معاملات اس نہج تک نہ لے جائے جہاں سے واپسی ممکن نہ ہو بلکہ بات چیت سے معاملات حل کریں ،زرداری نے 12 سال جیل کاٹی مگر ایک لفظ ملک کے خلاف نہیں بولا ۔