نان کسٹم پیڈ اشیا کی ترسیل پرمتعلقہ ڈاکخانہ ذمہ دار
پارسل پر بھیجنے ، وصول کرنیوالے کامکمل پتا درج ہوناچاہئے ، اے ڈی جی
اسلام آباد (ایس ایم زمان ) ڈاکخانوں کے ذریعے نان کسٹم پیڈ اشیا کی ترسیل کا انکشاف ہوا ہے جس کے بعد پاکستان کسٹم کی جانب سے نان کسٹم پیڈ اشیا کو پکڑنے کے لیے تمام ڈاکخانوں کو چیک کیا جا رہا ہے اور ڈاکخانوں کو بھی جانچ پڑتال سخت کرنے کی ہدایت کی گئی ہے، احکامات مطابق بکنگ کی گئی ڈاک مذکورہ آ فس میں اور ترسیل کے دوران اگر کسٹم حکام نے پکڑی تو متعلقہ آفس کے حکام ذمہ دار ہوں گے ، ملک بھر کے سرکل خصوصاً بلوچستان میں نان کسٹم پیڈ اشیا کی بکنگ کی شکایات ملی ہیں ، پاکستان پوسٹ آفس کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آپریشنز مقصود احمد نے مراسلہ جاری کیا ہے کہ اندرون و بیرون ملک ڈاک اور پارسل بکنگ کے لیے تمام اشیا کا تفصیلی جائزہ لیا جائے ۔ پارسل پر بھیجنے والے اور وصول کرنے والے کا مکمل ایڈریس اور فون نمبر، بیرون ملک پارسل کے لیے بھجوانے والے کا شناختی کارڈ نمبر یا پاسپورٹ نمبر درج ہونا چاہئے اور شناختی کارڈ کی کاپی بھی حاصل کی جائے ۔ ڈی جی پاکستان پوسٹ سمیع اللہ خان اور ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل آپریشنز مقصود احمد نے نان کسٹم پیڈ اشیا کی ترسیل کے حوالے سے دنیا کے پیغام کا جواب نہیں دیا۔