مجھے نواز شریف کے بیان کی مذمت کرنے کا کہا گیا :خواجہ آصف
نوازشریف سے اپیل کا حق چھیننے والے ججوں کا بھی احتساب ہونا چاہیے کہا گیا آپکے نیب کیسز ختم کر دینگے ، میں نے انکار کر دیا:ٹی وی سے گفتگو
سیالکوٹ(این این آئی)وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ نواز شریف نے جب باجوہ اور جنرل فیض کیخلاف بات کی تو مجھے بلا کر کہا گیا کہ اس بیان کی مزمت کرو ، اگر آپ مزمت کر دینگے تو آپکے نیب کیسز ختم ہوجائیں گے ، میں نے کہا مجھے یہ قبول نہیں ۔ ٹی وی پروگرام میں گفتگو کے دوران خواجہ آصف نے مزید کہا میں نے جواب دیا کہ نواز شریف میرا لیڈر ہے ،میں کیسے مزمت کروں؟، فیض حمید کے بعد ان ججوں کا بھی احتساب ہونا چاہیے جنہوں نے نواز شریف سے اپیل کا حق چھینا۔انہوں نے کہا 9 مئی پر فوجی تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، یہ بانی پی ٹی آئی اور فیض حمید کا جوائنٹ وینچر تھا ،9 مئی کو بانی اکیلے یہ سب کچھ نہیں کرسکتے تھے ۔
دریں اثنا وزیر دفاع نے سیالکوٹ کینٹ میں کرسمس تقریب سے خطاب میں کہا کرسمس کا تہوار پوری دنیا میں عقیدت اور احترام کے ساتھ منایا جاتا ہے ،حضرت عیسیٰؑ کی ولادت انسانیت کیلئے مشعلِ راہ ہیں ، ہماری بہادر فوج نے ہمیں اقوام عالم میں بلند مقام حاصل کرنے کا موقع دیا ۔ وزیر دفاع نے کہا ہماری مٹی ہی ہمارا سب سے بڑا رشتہ ہے ، جو ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ مضبوطی سے جوڑتا ہے ۔ آج سے چند ماہ قبل ہماری بہادر افواج نے جس جرات اور عزم کا مظاہرہ کیا وہ پاکستان کی تاریخ کا روشن اور سنہرا باب ہے ۔ آنے والی نسلیں بھی قیامت تک اس پر ناز کریں گی۔ آنے والے وقتوں میں ہمارا ملک مزید ترقی کرے گا ۔